کھام گاؤں، یومِ ترغیبِ مطالعہ کے انعقاد پر تعلقہ کے 13 اردو مدارس کو مہاراشٹر اردو اکیڈمی کی توصیفی اسناد صدرِ اکیڈمی سید حسین اختر کی خصوصی دلچسپی سے ریاست بھر میں کامیاب انعقاد؛
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 09, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) طلبہ میں مطالعے کا شوق و ذوق پیدا کرنے، مطالعے کی عادت کو فروغ دینے اور ملک کے سابق صدر جمہوریہ بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی حیات و خدمات سے نئی نسل کو واقف کرانے کے مقصد سے 15 اکتوبر کو ریاست بھر کے اردو مدارس میں ’’یومِ ترغیبِ مطالعہ‘‘ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
مہاراشٹر راجیہ اردو اکیڈمی کی جانب سے شروع کی گئی اس خصوصی مہم کو ریاست بھر میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔ اکیڈمی کے کارگزار صدر سید حسین اختر کی خصوصی دلچسپی اور رہنمائی میں منعقدہ اس سرگرمی کے تحت ریاست کے خانگی مدارس کے ساتھ ضلع پریشد اور نگر پریشد کے اردو اسکولوں نے بھی بھرپور حصہ لیا۔ اس موقع پر طلبہ کو ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی سوانح حیات، علمی و سائنسی کارناموں اور ملک کے لیے ان کی خدمات سے روشناس کرایا گیا، جبکہ مطالعے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد بھی عمل میں آیا۔ اس کامیاب مہم کے اعتراف میں مہاراشٹر راجیہ اردو اکیڈمی کی جانب سے شریک اردو مدارس کو توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ اس سلسلے میں منترالیہ ممبئی کے احاطے میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب میں ریاست کے منتخب مدارس کے ذمہ داران کو رکن اسمبلی ذاکر نائک واڑی اور اکیڈمی کے کارگزار صدر سید حسین اختر کے ہاتھوں توصیفی اسناد پیش کی گئیں۔ اس مہم میں کھام گاؤں تعلقہ کے اردو مدارس نے بھی نمایاں حصہ لیا، جس کے اعتراف میں تعلقہ کے 13 اردو مدارس کو توصیفی اسناد سے سرفراز کیا گیا۔
اعزاز حاصل کرنے والے مدارس میں ضلع پریشد اردو مڈل اسکول اٹالی، ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول سجن پوری، ضلع پریشد اردو مڈل اسکول ماٹھنی، ضلع پریشد اردو مڈل اسکول (بوائز) پیپل گاؤں راجہ، ضلع پریشد اردو مڈل اسکول (گرلز) پیپل گاؤں راجہ، ضلع پریشد اردو مڈل اسکول گوندھنا پور، ضلع پریشد اردو مڈل اسکول الہسنہ، ضلع پریشد اردو مڈل اسکول کنجہرہ، نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 4 کھام گاؤں، اردو ہائی اسکول پیپل گاؤں راجہ، ملت اردو ہائی اسکول کھام گاؤں، عبدالصمد اردو ہائی اسکول کنجہرہ اور نیشنل اردو ہائی اسکول لاکھن واڑہ شامل ہیں۔ مہاراشٹر راجیہ اردو اکیڈمی کی جانب سے ان توصیفی اسناد کا اجرا اردو مدارس کی تعلیمی و ادبی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور طلبہ میں مطالعے کے رجحان کو فروغ دینے کی جانب ایک قابلِ ستائش قدم ہے۔ اس اعزاز سے کھام گاؤں تعلقہ کے اردو تعلیمی حلقوں میں خوشی کی لہر پائی جا رہی ہے۔