اکولہ, روٹی بینک کے ہیلتھ اسکریننگ کیمپ میں مختلف شعبوں کے افراد کی بھرپور شرکت ڈاکٹروں، اساتذہ اور وکلاء نے کروائی طبی جانچ؛ بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت پر دیا گیا پیغام
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 03, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے احتیاطی تدابیر اور بیماریوں کی بروقت تشخیص نہایت ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت سماجی خدمات میں سرگرم روٹی بینک اکولہ (فلائنگ کلرس ایجوکیشن فاؤنڈیشن) کی جانب سے یکم نومبر کو دیپک چوک واقع روٹی بینک سینٹر میں ہیلتھ اسکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا،
جو مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کی بھرپور شرکت کے ساتھ کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔
کیمپ کا افتتاح معروف ڈینٹسٹ ڈاکٹر زبیر احمد کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر شہر کے ڈاکٹروں، اساتذہ، وکلاء اور دیگر پروفیشنل افراد نے شرکت کرتے ہوئے اپنی صحت کی جانچ کروائی۔ کیمپ کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ صحت کی حفاظت صرف بیماری لاحق ہونے کے بعد علاج تک محدود نہیں بلکہ باقاعدہ طبی معائنے اور احتیاطی تدابیر سے بھی ممکن ہے۔
اس موقع پر روٹی بینک کے صدر ڈاکٹر زبیر ندیم نے کہا کہ موجودہ مصروف طرزِ زندگی میں اکثر لوگ اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات اور روزمرہ ذمہ داریوں کے باعث صحت کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ بیماری کی علامات ظاہر ہونے کا انتظار کرنے کے بجائے وقتاً فوقتاً ہیلتھ چیک اَپ کروانا ضروری ہے، تاکہ صحت کے ممکنہ مسائل کی بروقت نشاندہی اور مناسب علاج ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کیمپ کے بنیادی مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا پیغام **Early Diagnosis, Early Treatment** یعنی بروقت تشخیص، بروقت علاج ہے۔ روٹی بینک کے سکریٹری ڈاکٹر مجاہد احمد نے کیمپ میں شرکت کرنے والے تمام شہریوں، ڈاکٹروں، اساتذہ اور وکلاء سے اظہارِ تشکر کیا۔
کیمپ کے کامیاب انعقاد پر روٹی بینک اکولہ کی جانب سے عزم ظاہر کیا گیا کہ مستقبل میں بھی سماج کے مختلف طبقات میں صحت سے متعلق بیداری پیدا کرنے اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ایسے فلاحی پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔