کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگٹھنا کے ریاستی ترجمان سید جواد حسین 31 اکتوبر 2026 کو اپنی طویل تدریسی خدمات کی تکمیل کے بعد ملازمت سے سبکدوش ہوگئے۔ اس موقع پر مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگٹھنا کی جانب سے انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی گراں قدر تعلیمی، تنظیمی اور سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
سید جواد حسین ایک بے باک، تجربہ کار اور فعال معلم کی حیثیت سے اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں۔ انہوں نے دورانِ ملازمت نہ صرف تدریسی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے نبھائیں بلکہ اردو زبان و تعلیم کے فروغ، اردو اساتذہ کے حقوق کے تحفظ اور تنظیم کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے بھی نمایاں جدوجہد کی۔ اعلیٰ افسران کے سامنے بے خوفی سے اساتذہ کے مسائل پیش کرنا، اردو ٹریننگ کو علیحدہ حیثیت دلانے کی کوششیں اور تنظیمی سرگرمیوں میں مسلسل شرکت ان کی شخصیت کے نمایاں پہلو رہے ہیں۔
ان کی قائدانہ صلاحیتوں، سیاسی و سماجی شعور، بے باک اندازِ گفتگو اور مخلصانہ جدوجہد نے اساتذہ کے حلقوں میں انہیں ایک ممتاز مقام عطا کیا۔ تنظیمی معاملات میں ان کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ نجی تقریبات ہوں یا سماجی اجتماعات، وہ ہر موقع پر اساتذہ اور تنظیم کے مسائل کو ترجیح دیتے رہے۔
تنظیم کے عہدیداران و اراکین نے امید ظاہر کی کہ سید جواد حسین ملازمت سے سبکدوشی کے بعد بھی اپنی قیمتی رہنمائی اور تجربات کے ذریعے تنظیم اور اردو اساتذہ کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحت و سلامتی، خوشحالی اور سکون و عافیت والی زندگی عطا فرمائے اور ان کی آئندہ زندگی کو مزید بامقصد و بابرکت بنائے۔ آمین۔



