سند کھیڑ راجہ ، جواں سال معلم احمد خان کی المناک موت، سند کھیڑ راجہ سے راجنی تک سوگ کی لہر
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 31, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) بلڈھانہ ضلع کے تاریخی شہر سند کھیڑ راجہ کے ساکن اور مولانا صدیق احمد اردو پرائمری اسکول، راجنی کے جواں سال مددگار معلم احمد خان جمعرات کے روز پیش آئے موٹر سائیکل حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد سنیچر کی صبح اورنگ آباد کے ایک نجی دواخانے میں دورانِ علاج انتقال کرگئے۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر سے سند کھیڑ راجہ سے راجنی تک تعلیمی، سماجی اور مذہبی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مرحوم احمد خان اپنے ساتھی سعید سر کے ہمراہ جام سمارتھ گاؤں سے راجنی واپسی کے دوران موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔ دونوں کو شدید زخمی حالت میں علاج کے لیے اورنگ آباد منتقل کیا گیا، تاہم احمد خان جانبر نہ ہوسکے، جبکہ ان کے ساتھی سعید سر کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ مرحوم نہایت خوش اخلاق، ملنسار اور نیک سیرت شخصیت کے مالک تھے۔ وہ مرکز مسجد دیول گاؤں راجہ کے امام مولانا ریاض کے داماد اور نگر پریشد اردو پرائمری اسکول، سند کھیڑ راجہ کے مدرس اسلم خان کے چھوٹے بھائی تھے۔ ان کی ناگہانی وفات سے اہلِ خانہ، رفقائے کار، شاگردوں اور متعلقین کو گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین سند کھیڑ راجہ کے قبرستان میں عمل میں آئی، جس میں سیکڑوں علماء کرام، اساتذہ، تعلیمی و سماجی شخصیات اور عوام نے شرکت کی۔ پسماندگان میں اہلیہ، ایک فرزند، والدین، دو بھائی اور ایک بہن شامل ہیں۔ احمد خان کے سانحۂ ارتحال پر مختلف تعلیمی، سماجی اور ملی حلقوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔