دھانورا جلگاؤں کی آتش زدگی نے چھینا آشیانہ، انسانیت نے روشن کی امید کی شمع "شیخ موسیٰ کا گھر دوبارہ تعمیر کرنے کا عزم!" بیٹی کی شادی کے لیے جمع کیے گئے چھ لاکھ روپے بھی خاکستر ایک گھنٹے میں 50 ہزار روپے کی امداد جمع، ہندو مسلم اتحاد اور بھائی چارے کی قابلِ تقلید مثال قائم. جلگاؤں (عقیل خان بیاولی کی رپورٹ)
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 27, 2026
0
share
دھانورا (تعلقہ چوپڑا) میں حال ہی میں پیش آنے والے آتش زدگی کے ایک دل خراش واقعے نے شیخ موسیٰ کے خاندان کو بے گھر کر دیا۔ آتش زدگی کی اس بھیانک واردات میں ان کا مکان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا، جب کہ گھر کے ساز و سامان کے ساتھ بیٹی کی شادی کے لیے محفوظ رکھے گئے تقریباً چھ لاکھ روپے بھی آگ کی نذر ہوگئے۔ یہ رقم انہوں نے ورن گاؤں میں واقع اپنا پلاٹ فروخت کرکے جمع کی تھی۔ اس حادثے میں پڑوسی پرشانت سونونے کے گھر کے سامان اور برتنوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے ملتے ہی ایکتا سنگھٹنا کے کوآرڈینیٹر اور ضلع منیار برادری کے صدر فاروق شیخ اپنے رفقا کے ہمراہ متاثرہ خاندانوں کی عیادت اور دل جوئی کے لیے پہنچے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو تسلی دیتے ہوئے فوری امداد فراہم کی۔ ضلع منیار برادری کی جانب سے شیخ موسیٰ کو 25 ہزار روپے کی مالی معاونت پیش کی گئی، جب کہ پرشانت سونونے کو ضروری گھریلو سامان فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اس موقع پر فاروق شیخ نے محض مالی امداد تک محدود رہنے کے بجائے شیخ موسیٰ کا مکان دوبارہ تعمیر کرانے کا عزم ظاہر کیا۔ اس مقصد کے لیے ایکتا سنگھٹنا، ضلع منیار برادری، اے پی سی آر، اینجل فوڈ، واجد فاؤنڈیشن سمیت دیگر سماجی تنظیموں کے اشتراک سے بازآبادکاری کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کی اپیل پر چوپڑا، کنگاؤں اور اڈاؤد کے علاقوں سے بھی شہریوں نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس انسانی ہمدردی پر مبنی مہم کا اثر یہ ہوا کہ محض ایک گھنٹے کے اندر تقریباً 50 ہزار روپے کی امدادی رقم جمع ہوگئی، جو سماج کے زندہ ضمیر اور باہمی تعاون کے جذبے کا روشن ثبوت ہے۔ اس حادثے کا ایک نہایت حوصلہ افزا پہلو یہ بھی رہا کہ آگ لگنے کے بعد دھانورا کے ہندو اور مسلم شہریوں نے مذہب و ملت کی تفریق سے بالاتر ہوکر آگ بجھانے اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے متحدہ کوششیں کیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں گاؤں کے باشندوں کا یہ بے لوث جذبہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، باہمی اخوت اور انسانی رشتوں کی خوب صورت عکاسی کرتا ہے۔ بلاشبہ مصیبت کے وقت ایک دوسرے کے کام آنا ہی انسانیت کا سب سے بڑا وصف اور ہندوستانی تہذیب کی حقیقی روح ہے۔ اس موقع پر حفّاظ فاؤنڈیشن کے حافظ عبدالرحیم شیخ، اے پی سی آر کے عارف دیشمکھ، دانیال شیخ، نبیل شیخ، کنگاؤں کے سرپنچ مختار تڑوی، فاروق شاہ، طاہر شیخ سمیت متعدد سماجی کارکنان موجود تھے۔ اس کارِ خیر میں تعاون کرنے والے تمام افراد اور تنظیموں کے ساتھ جلگاؤں ٹیم کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جا رہا ہے۔ آگ نے ایک خاندان کا آشیانہ ضرور چھین لیا، لیکن اہلِ علاقہ کے اتحاد، ایثار اور انسان دوستی نے اس کے اجڑے ہوئے خوابوں کو پھر سے آباد کرنے کی امید جگا دی۔ x