قومی آواز کے فوٹوگرافر ویپن نےرات غازی پور بارڈر پر ہی گزاری اور انہوں نے بتایا کہ مظاہر کرنے آئے ہوئے زیادہ تر کسان اسٹیج کے سامنے ہی موجود رہے
کل دن بھر غازی پور میں ماحول بدلتا رہا اور جب بالکل لگنے لگاتھا کہ پولیس اپنی کارروائی کرکے غازی پور کا مظاہرہ ختم کروا دےگی اس وقت بھارتیہ کسان یونین کے رہنما راکیش ٹکیت نے جو آنسو بہاتے ہوئے ایک ساتھ کئی بیان دےدئے اس نے پورا ماحول بدل دیا جس کے بعد ایسا لگتا ہے کہ انتظامیہ نے مظاہرہ کی جگہ خالی کرانے کے اپنے فیصلہ کو بدل دیا ۔
واضح رہے راکیش ٹکیت نے کل روتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جب تک پانی نہیں پیئں گے جب تک گاؤں سے ٹریکٹر کےذریعہ پانی نہیں آئے گا اور اگر قوانین واپس نہیں لئے تو وہ خود کشی کر لیں گے۔ شائد ان کے آنسوؤں اور ان کےان بیانات کے بعد انتظامیہ کو لگا کہ اس وقت ٹکیٹ کے خلاف کسی بھی ایکشن یا کارروائی سے ٹکیت کو ہمدردی مل سکتی ہے اس لئے انتظامیہ نے کارروائی ٹال دی ہو۔
دہلی میں جہاں راکیش ٹکیت بیان دے رہے تھے وہیں ان کے آبائی گاؤں میں ان کے بھائی پنچایت کر رہے تھے جس میں طے کیا گیا کہ کل یعنی آج مطفر نگر میں اس مسئلہ پر ایک مہا پنچایت کا انعقاد کیا جائے گا جس میں کسان اپنی حکمت عملی طے کریں گے۔ اس کے ساتھ یہ خبر پھیلنے لگی کہ آس پاس کےکسان دہلی کی جانب گامزن ہیں لیکن زمین پر ایسی کوئی چیز نظر نہیں آئی۔
قومی آواز کے فوٹوگرافر ویپن نےرات غازی پور بارڈر پر ہی گزاری اور انہوں نے بتایا کہ مظاہر کرنے آئے ہوئے زیادہ تر کسان اسٹیج کے سامنے ہی موجود رہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رات میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی لیکن آنے جانےوالےراستوں پر سخت بیریکیڈنگ کر دی گئی ہے۔
کسان دو ماہ سے زیادہ وقت سے دہلی کی سرحدوں پر نئےزرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور انہوں نے یوم جمہوریہ یعنی 26جنوری کو ٹریکٹر پریڈ نکالی تھی۔اس ٹریکٹر پریڈ کے لئے انتظامیہ اور کسان رہنماؤں کے درمیان ٹریکٹر پریڈ کے روٹ کولے کر سمجھوتہ ہو گیا تھا لیکن ٹریکٹر پریڈ میں نہ صرف اس سمجھوتہ کی خلاف ورزی ہوئی بلکہ ٹریکٹر پریڈ میں حصہ لینےوالا ایک گروپ تاریخی لال قلع پر چڑھ گیا اور وہاں ایک مذہبی جھنڈا پھیرا دیا اور تشدد بھی کیا اس کے بعد سے پولیس نےکارروائی کی اور ان کو وہاں سے بھگادیا ۔کسان رہنماؤں نے اس واقعہ کی مذمت بھی کی اور شرمندگی کا اظہار بھی کیا ، ساتھ میں انہوں نے کہا کہ جنہوں نے تشدد کیاہے یا لال قلع پر جھنڈا پھیرایا ہے ان کا تحریک سےکوئی تعلق نہیں ہے۔ اس واقع کے بعد ہی انتظامیہ نے مظاہرہ کی جگہ کو خالی کرانےکا فیصلہ لیا۔