از: مفتی محمدعامر یاسین ملی 9028393682
شہر عزیز مالیگاؤں مسجدوں ، مدرسوں اور مخیّرین کا شہر کہلاتا ہے، یہاں کم و بیش چار سو مساجد اور درجنوں مدار س و مکاتب قائم ہیں، علمائے کرام حفاظ عظام اور ائمہ مساجد کی بھی یہاں کثرت ہے،دینی سرگرمیوں کے لحاظ سے یہ شہر پورے ملک میںاپنی ایک امتیازی شان رکھتا ہے، اس شہر میں ایسے مخیرین قوم کی بھی کمی نہیں جو مساجد و مدارس کی تعمیر و توسیع اور نظم و انتظام نیز سماجی وفلاحی کاموں میں فراخدلی کے ساتھ مال خرچ کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر سال سینکڑوں کی تعداد میں بیرون شہرکے سفرا یہاں تشریف لاتے ہیں، اور اہلیان شہر ان سفرا کی دل کھول کر مدد کرتے ہیں، علماء وائمہ مساجد کی خدمت اور دینی مراکز سے محبت اہلیان مالیگاؤں کی خاص صفت ہے، جس کا مظاہرہ مورخہ 31؍دسمبر کوبھی ہوا، جب قلب شہر میں واقع نئی مسجد (اسلام پورہ)کے امام حضرت مولانا سعید احمد ملی صاحب نے نصف صدی تک امامت کی خدمات انجام دینے کے بعد درازیٔ عمر اورضعیفی کے باعث منصب امامت سے سبکدوشی کاارادہ کیا،تو اہلیان محلہ اور مسجد کے ذمہ داران و مصلیان کی جانب سے ان کے اعزاز میں ایک انتہائی باوقاراو ر عظیم الشان تقریب منعقد کی گئی جس میں کھلے دل کے ساتھ امام صاحب کی پچاس سالہ خدمات کا اعتراف کیاگیا ، حضرات علمائے کرام نے موصوف کی اس مثالی خدمت کی تحسین کی ،شعرائے کرام کی جانب سے ان کی خدمت میں سپاس نامہ پیش کیا گیااور قصیدہ خوانی کی گئی، اسی کے ساتھ مسجد کے ذمہ داران و مصلیان اور مخیرین کی جانب سے امام صاحب کی خدمت میں تقریباً ساڑھے تین لاکھ روپیہ نذرانہ بھی پیش کیا گیا۔
یہ اعزازی تقریب جہاں ایک مسجد کے امام کی عظمت کواجاگر کرتی ہے،اور اس کی خدمات اور قربانیوں کو بیان کرتی ہے،وہیں دیگر مساجد کے ٹرسٹیان و ذمہ داران او ر مصلیان کے لیے ایک بہترین نمونہ بھی ہے،منصب امامت جہاں ایک طرف عزت شرافت کی چیز ہے وہیں یہ بڑی نازک ذمہ داری بھی ہے،امام کواللہ نے یہ عزت عطا کی ہے کہ وہ دوسرے نماز پڑھنے والوں سے آگے بڑھ کر کھڑا ہوتا ہے ،ایک امام کے لیے اس سے بڑھ کر کیا نسبت ہوسکتی ہے کہ جناب رسول اللہ ﷺ نے خود پوری زندگی امامت فرمائی ہے،اور آپ کے بعد خلفائے راشدین نے بھی !حدیث شریف میں حضورﷺ نے امام کو ضامن قرار دیا ہے۔منصب امامت کی ایسی عظمت اور امام مسجد کے مقام کی ایسی بلندی کے باوجودعام طریقے پریہ دیکھا جاتاہے کہ برسہا برس پوری پابندی اور استقامت کے ساتھ امامت کے فرائض انجام دینے کے بعد جب ائمہ مساجد بوڑھے یا بیما ر اور کمزور ہوجاتے ہیں تو مساجد کے ذمہ داران انہیں انتہائی نامناسب انداز میں امامت سے معزول کر دیتے ہیں۔ نہ ان کی دیرینہ خدمات اور قربانیوں کااعتراف کیا جاتاہے اور نہ ان کااعزاز واکرام ضروری سمجھا جاتاہے،یہ طرز عمل اور یہ مزاج ائمہ مساجد کی نا قدری واہانت کے ساتھ ساتھ بد سلوکی اور احسان فراموشی کی بہترین مثال ہے، اور اپنے آپ میںایک ایسا بڑا جرم جس کا قوم اجتماعی طور پر ارتکاب کرتی ہے۔ ؎
اس سے بڑھ کرنہیں دنیا میں کوئی جرم عظیم
آدمی کچھ بھی ہو احسان فراموش نہ ہو
قارئین! دل پر ہاتھ رکھ کر سوچئے تو سہی کہ جس امام نے قوم کے نومولود بچوں کے کانوں میں اذان دی ہو ،جوانوں کا نکاح پڑھایا ہو،اور مرحومین کی نماز جنازہ پڑھائی ہو ، ہر موقع پر ان کی دینی رہبری کی ہو،قوم کو اس امام کا کس قدر احسان مند ہوناچاہئے،نئی مسجدکے امام صاحب نےمسلسل پچاس برسوں تک پورے اہتمام اوراستقامت کے ساتھ امامت کے فرائض انجام دیئے،غور کیجئے کہ یہ کتنی بڑی خدمت ہے اور اللہ کے یہاں اس پر کس قدر اجروثواب ملے گا!یقیناً اس مثالی خدمت کا شایان شان بدلہ اللہ ہی کی ذات عطا کرنے والی ہے، لیکن نئی مسجد کے ذمہ داران و مصلیان اور اہل خیرحضرات نے بھی امام موصوف کا جس انداز میں اعزاز و اکرام کیا وہ اپنے آپ میں ایک عمدہ مثال ہے،ان لوگوں نے احسان نا شناسی بلکہ احسان فراموشی کی روایت کوتوڑ کر احسان شناسی اور شکر گزاری وقدر دانی کی ایک مثال قائم کی ہے، جس پر میں ان سب حضرات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ضرورت ہے کہ اس سلسلے کو دراز کیا جائے!
٭…٭…٭



