حافظ محمد غفــــــران اشرفی(جنرل سکریٹری سنّی جمعیة العوام[7020961779 /Malegaon]
علم و ادب کا گہوارہ شہر مالیگاوں میں جس طرف نظر اٹھائیں اُس طرف برائیوں کا نا ختم ہونے والا اک طویل سلسلہ نظر آتا ہے۔جن کے خلاف اخبارات میں اہلِ قلم مضامین لکھ رہے ہیں تو مساجد کے منبر و محراب سے علما اور ائمہ اُن کی خرابیاں بیان کررہے ہیں۔ہمیں اپنے شہر پر فخر ہے کہ اگر یہاں برائیاں جنم لیتی ہیں تو اُن برائیوں کو لسانی اور قلمی جہاد کے ذریعہ سے ختم کرنے والے آگے آکر بغیر کسی تردّد کے روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔لیکن کچھ برائیاں ایسی ہوتی ہیں جن کے لیے صرف تحریر و تقریر کافی نہیں،بلکہ اُن برائیوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوتے ہیں۔فی الحال شہر میں نشہ کی لٙت نوجوانوں اور بارہ تیرہ برس کے کم عمر بچّوں میں کثرت کے ساتھ سرایت کرگئی ہے۔اگر اِس برائی پر قدغن لگانا ہے تو خرابیاں بیان کرنے کے ساتھ اِس کے لیے خصوصی طور پر عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔اوّلا یہ کہ شہر کی دینی تنظیموں کے سرکردہ افراد کو شہر انتظامیہ سے ملاقات کرکے اِس برائی پر روک لگانے کے لیے بات کرنی ہوگی۔نیز انتظامیہ سے اِس برائی کی جڑ تک پہنچ کر معاشرے میں پھیلی ہوئی اِس کی نظر نا آنے والی شاخوں کا خاتمہ کرنے کی بات کرنی چاہئے۔ائمہ اور علما کا کام معاشرہ کو اِن برائیوں سے پاک کرنے کے لیے بیان کی حد تک تھا سو اُنہوں نے قرآن و احادیث کے ذریعہ لوگوں تک دین کا پیغام پہنچاکر اپنا حق ادا کیا۔اُن کے بیانات کے نتائج کیا آئیں گے آنے والا وقت ہی بتا سکتا ہے۔لیکن کچھ لوگ جو اُجّڈ قسم کے اور سیاہ دل ہوتے ہیں جنہیں دینی لوگوں سے بیزاری ہوتی ہے اُنہیں قانونی طور پر ہی سمجھایا جاسکتا ہے۔دوسرا طریقہ یہ ہے کہ والدین بچّوں پر کڑی نگرانی کریں،زیادہ وقت باہر نا رہنے کے لیے تلقین کریں۔بالخصوص رات کے وقت میں اگر بچّے باہر ہیں تو والدین کو فکر ہونی چاہئے کہ اولاد کہاں ہے۔کہیں ایسا تو نہیں اُن کا بچہ بھی نشہ کی لٙت میں ملوّث ہورہا ہے۔کیوں کہ نشہ کرنے والے بارہ اور تیرہ سال کی عمر کے بچّے اور نوجوان اکثر رات کے وقت میں کسی گوشے میں بیٹھ کر پوشیدہ طور پر فیوی اسٹیک،بلیک آیوڈیکس،الپرا زولم(کتّاگولی)،کوریکس،پیٹرول وغیرہ کا نشہ کرتے ہیں۔اِس لیے معاشرہ کی صالحیت کے لیے والدین کی طرف سے بچّوں پر نگرانی ازحد ضروری ہے۔اگر یہ اقدامات آج نہیں کیے گئے تو آنے والے دن بہت بُرے نتائج لے کر سامنے آئیں گے۔بچّوں پر نگرانی والدین پر بار ضرور محسوس ہوگی لیکن آج کی سختی آنے والے دنوں کے لیے نفع بخش ہوں گی۔اِس مہلک برائی سے بچانے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ بچّوں کو یا تو گھریلو کاموں میں مصروف رکھیں یا پھر تعلیمی معاملات میں اُن کو مصروف کردیں تاکہ وہ کسی دوسری طرف جانے کے لیے سوچ ناسکیں۔