آپ کی شخصیت و فن پر لکھے مضامین کے مجموعہ "مظہرِ حیات" کا اجراء
مالیگاؤں : (سیّد علی انجم رضوی) : شہر کی علمی، ادبی اور تعلیمی شخصیت سابق پرنسپل پروفیسر عبدالمجید مظہر صدیقی کی دیرینہ علمی خدمات کے اعتراف میں اے۔ٹی۔ٹی اردو ہائی اسکول و جونیئر کالج کے کیمپس میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد ہوا۔ 7 فروری بروز اتوار منعقدہ اس تقریب کی صدارت اردو لائبریری ٹرسٹ کے چیئرمین خالد عمر صدیقی نے فرمائی۔ ان کے رخصت ہو جانے کے بعد اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر عبدالکریم سالار قائم مقام صدر بنائے گئے۔
اس تقریب میں پروفیسر صدیقی کی شخصیت و فن پر لکھے گئے وقیع مضامین کے مجموعہ "مظہرِ حیات" کا اجراء حاجی غلام محمد اعظم ٹرسٹ کے چیرمن منوّر پیر بھائی کے بدست ہوا۔ آپ نے مجلہ کا اجمالی جائزہ بھی پیش کیا۔
پروفیسر صدیقی کے جشنِ اعترافِ خدمات کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ و سلم سے ہوا۔ ڈاکٹر طاہرہ تسنیم نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ خیال انصاری نے پروگرام کی غرض و غایت بتائی۔ مہمانوں کا تعارف مدرس انعام الرحمٰن اور رضوان ربّانی نے کیا۔ سعید پرویز نے نثری سپاس نامہ اور منظوم سپاس نامہ اقبال نذیر نے پڑھ کر سنایا۔ ماہنامہ "تعلیمی سفر" کے مدیر ڈاکٹر خلیل صدیقی (لاتور) نے پروفیسر عبدالمجید صدیقی کے لیے قطعات کی صورت میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ معروف ناظمِ مشاعرہ غلام مصطفےٰ اثر صدیقی نے بعنوان "خوشبوؤں کی ہم رکابی سے ملا، کردارِ گل" کی مقالہ خوانی کی۔
اعظم کیمپس کے روحِ رواں اور اقلیتی تعلیمی اداروں کے لیے ہمیشہ سرگرداں رہنے والے پی۔ اے۔ انعامدار نے اپنے خصوصی خطاب میں قوم کو زمانہ کے اعتبار سے جدید چیلینجیز کا مقابلہ کرنے کی ترغیب دی۔ عبدالکریم سالار نے خطبہء صدارت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض احمد ایوبی نے ادا کیے۔
"مظہرِ حیات" کے نام سے معنوَن اس جشنِ اعترافِ خدمات میں شہر و بیرونِ شہر سے کئی علمی شخصیات نے شرکت فرمائی۔ جن میں خاص طور سے سی۔سی۔آئی۔ کے نیشنل سیکریٹری شاہنواز خان (کٹک، اڈیشہ)، ڈاکٹر ظہیر احمد (برہانپور)، مشتاق مقدم (پونہ)، معروف صحافی و ادیب سیّد علی انجم رضوی (جلگاؤں)، ایل۔ایم سردار شِکشن سنستھا کے چیرمن ڈاکٹر عقیل احمد انصاری (دھولیہ)، شمس الحسن (دھولیہ)، اعجاز احمد راہی (برہانپور)، اخلاق سیٹھ چمڑے والے (دھولیہ) کے علاوہ مقامی مہمانانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر بی۔ایم۔ ڈولے، پروفیسر کھرے، سابق صدر بلدیہ یونس عیسیٰ، شری نیتین پوپھلے، رضا اکیڈمی کے صدر ڈاکٹر رئیس رضوی، محمد اسحٰق زری والا، اے۔ٹی۔ٹی کے انصاری رئیس احمد، سٹی زن کیمپس کے ڈاکٹر حسن ایوبی، رضوان عبدالمطلب، محترمہ ساجدہ نہال احمد، انصاری خورشید انور، سلیم انور، مدیر ہفت روزہ "باختر" اشفاق عمر ، محمد حنیف شوال، انصاری محمد ابراہیم چمڑے والے، جمیل کرانتی، وغیرہ موجود تھے۔