اورنگ آباد:پولس نے ایک 30 سالہ اسکول ہیڈماسٹریس خاتون اور اس کے شوہرجو اسی اسکول میں کلرک تھے ، اسکول چلانے والے تعلیمی سوسائٹی کی دو اہلکاروں پر مقدمہ درج کیاہے ۔ ان لوگوں نے ریاست مہاراشٹر میں نافذ دو بچوں کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے ۔ مہاراشٹر، ملک کی ان پانچ ریاستوں میں سے ایک ہے جس نے دو بچوں کی پالیسی کو نافذ کیا ہے ۔اس پالیسی کے مطابق سرکاری ملازمین کو دو سے زیادہ بچے نہیں ہونا چاہیے ۔دو سے زیادہ بچوں والے لوگوں کو گرام پنچایت اور میونسپل کارپوریشن میں الیکشن لڑنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔مذکورہ معاملے میں تمام ملزمان پر یہ الزام لگایا گیا ہے کہ وہ جان بوجھ کر ہیڈماسٹریس کے تیسرے بچے کی پیدائش کو چھپا رہے ہیں اور گذشتہ دو سالوں سے ہیڈمسٹریس کی تنخواہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اپنے آپ کو سماجی کارکن بتانے والے رحمانیہ کالونی کے رہائشی اکرم اطہر شیخ کی شکایت کی بنیاد پر پولس نے دفعہ409,468 ,471,420 یعنی سرکاری ملازمین کے ذریعہ اعتماد کی خلاف ورزی،دھوکہ دہی، جعلسازی، بے ایمانی ، مجرمانہ سازش وغیرہ کے تحت چاروں مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔اس خاتون نے سال2007-08ءمیں پرائمری اسکول ٹیچر کی حیثیت سے ملازمت اختیار کی تھی جسے سال 2012-13ءمیں ہیڈماسٹریس کی حیثیت سے ترقی دی گئی تھی۔ اس کا شوہر اسکول میں کلرک کی حیثیت سے ملازمت کرتا ہے۔ دیگر رشتہ دار ملزمان میں اسکول چلانے والی ایجوکیشن سوسائٹی کا سربراہ بھی شامل ہے۔شکایت میں ذکر کیا گیا ہے کہ اس خاتون نے 18 جولائی 2016ءکو تیسرے بچے کو جنم دیا تھا لیکن ریکارڈ میں اس کی تازہ کاری نہیں کی گئی تھی۔
