حافظ محمد غفــــــران اشرفی(جنرل سکریٹری سنّی جمعیة العوام)[7020961779 /Malegaon]
غالبا آج سے شہر مالیگاوں کی روح کہی جانے والی پاورلوم صنعت بقول بنکر حضرات،مندی کے سبب ایک ہفتہ تک کے لیے موقوف ہوجاے گی۔جو کہ مزدوروں کے لیے بڑی پریشان خیز بات ہے۔اِس لیے کہ کرونا بند کے بعد سے اب تک غریب اور مزدور طبقہ اپنے آپ کو سنبھال نہیں پایا ہے۔ایسے میں ایک ہفتے کا بند غریبوں کے لیے کسی کنواں کھودنے سے کم نہیں ہوگا۔بہر حال اِس مضمون میں آنے والے دنوں سے متعلق کچھ باتیں تحریر کررہا ہوں تاکہ ہم اپنی غلط حرکات کی وجہ سے کسی دوسرے کی پریشانی کا باعث نابنیں۔کرونا بند کے دوران اور اُس سے پہلے یہ مشاہدات رہے ہیں کہ اِس قوم کو جب بھی فرصت کے لمحات میسر آے ہیں اِس قوم کے لوگوں کا مٙیلان گناہوں کی طرف ہوگیا ہے۔سرِعام جُوا کھیلنا،موبائیل پر پب جی اور لوڈو کھیل کر بازی لگانا،کیرم پر چوکڑا کھیلنے کے لیے روپیوں کی شرط لگانا،فلم بینی،سڑکوں اور گلیوں میں آدھی آدھی رات تک سونے والوں کا خیال کیے بغیر زور زور سے باتیں کرنا اور گلا پھاڑ پھاڑ کر چِلّانا،سنسان ماحول میں گالیاں دینا،اپنی ٹو وہیلر کو رات میں گلیوں کے اندر سے مکمل ریس دے کر تیز رفتاری سے چٙلانا کہ جس کی ڈراونی آواز سے نوزائیدہ اور کم عمر بچّوں کے دل دٙہل جائیں۔یہ سارے کام مسلمان کہلانے والے نوجوان بالخصوص کاروبار بند کے دوران کرتے ہیں۔اگر صنعت پر بُحران ہے کارخانے بند ہیں تو لوگوں کو چاہئے کہ کچھ وقت مسجد میں بیٹھ کر اللہ کی عبادت اور تلاوت قرآن میں گزارلیں۔یا پھر اسلامی تاریخ یا دینی معلومات کی کتابوں کا مطالعہ کریں۔مگر ایسا نہیں ہوتا لوگ شطرنج،چوسر اور کوڑی لے کر بیٹھ جاتے ہیں حلال طریقے سے کمائی ہوئی دولت کو حرام راستے صٙرف کرکے اللہ کی ناراضگی مول لے کر دنیا و آخرت خراب کرتے ہیں۔ایک وقت وہ بھی تھا جب کبھی ایسے حالات پیدا ہوتے یا سازشی طور پر پیدا کیے جاتے تو سادہ دل مسلمان فورا اللہ کی طرف رجوع ہوکر توبہ و استغفار کے ذریعہ اللہ کو راضی کرتے۔جس کا اثر یہ ہوتا کہ ساری مصیبتیں اشارہ غیب سے کافور ہوجاتیں۔لوگ زندگی کے شب و روز خوش حال طریقے سے گزارتے۔لیکن اب زمانہ وہ آگیا ہے کہ لوگ نڈر،بے باک اور گناہوں پر جٙری ہوگئے ہیں۔اِسی لیے کاروباری بلائیں،مندی کی مصیبتیں ہمارا قدم چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔اگر ہم اپنے شہر سے بے برکتی،مٙندی اور مصائب و آلام کا خاتمہ چاہتے ہیں تو آنے والے بند کے دنوں میں نیک اعمال کریں۔اپنی ذات سے لوگوں کو تکلیف نادیں،رات کو سونے والوں کا خیال کریں،اپنی ٹووہیلر کو آہستہ چٙلا کر گلیوں سے لے جائیں تاکہ بچّوں کو تکلیف نا ہو،گناہوں سے مکمل اجتناب کریں اور جہاں کہیں لوگوں کو جُوا،شطرنج،لوڈو،پب جی وغیرہ کھیلتے ہوے دیکھیں اپنا دینی و ایمانی فریضہ جان کر متانت و سنجیدگی سے سمجھانے کی کوشش کریں۔اِس اُمید پر کہ اللہ پاک ہم سے راضی ہو اور مصائب و آلام کی تنی ہوئی دبیز چادر کو اپنی ہواے رحمت سے اُڑا کر خوش حالی اور آسودگی کے لمحات عطا کرے۔بند کے اِن ایّام میں سرپرست حضرات بھی اپنے گھر کے نوجوانوں اور بچّوں پر دھیان دیں کہ وہ کسی ہُلّڑ بازی،نشہ،جُوابازی کا حصہ تو نہیں بٙن رہے ہیں۔کیوں کہ جب آدمی بے کام ہوتا ہے تو زیادہ ہی اُسے پیسے کمانے اور گناہ کرنے کا شوق اُبھرکر آتا ہے۔