*مالیگاوں میں جنگِ آزادی کا آنکھوں دیکھا حال(دوسرا اقتباس)*
✍🏻 *حافظ محمد غفــــــران اشرفی*
*(جنرل سکریٹری سنّی جمعیة العوام)*
📱 *[7020961779 /Malegaon]*
*آزادی کی تحریکات کا بچّوں پر اثر:* مجاہدِ آزادی مرحوم احسن مالیگانوی جنگِ آزادی کے اجلاس اور اُس وقت کے ماحول کی منظر کشی کرتے ہوے یوں رقمطراز ہیں"کہ منشی شعبان،موتی لال ویر چند شاہ اور راقم الحروف(محمد احسن مالیگانوی)جوان اور جوش و جذبہ سے بھرپور تھے۔اور جلسوں،تقریروں میں انگریزوں کے ساتھ ساتھ اپنے مخالفین پر بھی سخت تنقیدیں کیا کرتے تھے۔"
مزید آگے لکھتے ہیں "کہ جوش و جذبہ سے پُر اُس تحریک کا اثر بچّوں پر بھی شدید تھا۔چنانچہ اُس تحریک سے متاثر بچّوں کے جلسے مالیگاوں کے محلہ موتی تالاب میں کثرت سے ہوتے تھے۔اُن کے لیڈر الحاج عبدالعزیز بھکّو(مرحوم)اور محمد غفران حافظ(سابق امام مسجد قصاب باڑہ)تھے۔حُسنِ اتفاق کہ اُسی زمانے میں مولانا خجندی صاحب مالیگاوں میں تشریف لاے ہوے تھے۔وہ بھی اُن بچّوں کے جلسوں میں شریک ہوے۔اُنہوں نے بچّوں کو سراہا۔اُن کے حوصلے بلند کیے۔اور بچّوں کی اُس کارروائی کو تار کے ذریعہ اخبارات کو بھیجا۔اخبارات کے مدیران نے مالیگاوں کے اُن بچّوں کے جوش اور جذبے کو خوب سراہا۔بڑے بڑے مقالات لکھے اور اُسے آزادی کے لیے نیک شگون قرار دیا۔پھلنے پھولنے والی اِس تحریک کی پشت پر منشی شعبان کی بلند ہمت شخصیت چٹان کی طرح کھڑی ہوئی تھی۔"
*تبصرہ:* قارئین!مذکورہ بالا اقتباس پر غور فرمائیں 1920ء میں ہمارے شہر کا وہ خوش نما ماحول جس کی منظر کشی جنگِ آزادی کے عینی شاہد مرحوم احسن مالیگانوی نے کی ہے۔کہ اُس وقت کے پاکیزہ ماحول کا اثر یہ تھا کہ نوجوانوں اور بڑوں کو ملک کی آزادی کے لیے کوشاں دیکھ کر شہر کا بچّہ بچّہ آزادی کی تحریک میں حصہ دار بن گیا تھا۔بچّے بھی جوش و خروش کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے لگے۔آج کا ماحول اُس پاکیزہ فضا کے بالکل برخلاف ہے۔آج کے ماحول سے بچّے صرف آوارہ اور بڑوں کے بے ادب بن رہے ہیں۔جن زبانوں پر قرآنی آیات کے نغمات،نعتِ مصطفے اور بزرگوں کی بہادری کے واقعات ہونا چاہئے تھے۔بدقسمتی سے اور گناہ زدہ بدبو دار ماحول کی غلاظت کی وجہ سے اُن زبانوں پر گندی اور غلیظ گالیاں ہیں!نوجوانوں کو گالیاں دیتے فلم بینی کرتے دیکھ کر بچّے بھی اُسی رنگ میں رنگ رہے ہیں۔ورنہ دنیا کے کسی خطے میں گالیاں سکھانے کے لیے نا تو کوئی اسکول ہے اور نا ہی کسی مدرسے میں گالی سکھائی جاتی ہے۔یقینا گھر کا ماحول اور معاشرے میں دی جانے والی گالیوں کا ہی یہ بھیانک اثر ہے کہ بچّے گالیاں سیکھ رہے ہیں۔بچّے قوم کا مستقبل ہیں اِن کی تربیت کے لیے گھر اور معاشرے کا ماحول پاکیزہ ہونا بہت ضروری ہے۔اگر ہم ملک و ملّت اور شہر کو ترقی پذیر دیکھنا چاہتے ہیں تو اپنے بچّوں کو پھر سے ایک صدی قبل کے بچّوں کی تحریکات کا عادی بنانا ہوگا۔اُنہیں وہ پاکیزہ ماحول فراہم کرنا ہوگا جو ماحول مجاہدینِ آزادی منشی محمد شعبان،مولانا جان محمد،سلیمان شاہ،اسرائیل اللہ رکھا،عبدالزراق کوکب،مرحوم احسن مالیگانوی،بدھو فریدن،عبدالغفور(پہلوان)،مولانا خجندی،مولانا محمد اسحق،محمد حسین مدّو،عبداللہ خلیفہ ودیگرہم نے اُس دور کے بچّوں کو دیا تھا۔تب جاکر آزادی کی صبحِ خوشبودار طلوع ہوئی۔آج ضرورت ہے اپنے ماضی میں جھانکنے کی جب تک قومِ مسلم پیچھے پلٹ کر اپنا ماضی نہیں دیکھے گی اُس وقت تک اِنہیں کامیابی نہیں مل سکتی۔6/جولائی کو اِنہیں مجاہدین کی شہادت کا دن ہے شہر کے اداروں اور کلبوں کے ذمہ داران سے گزارش ہے کہ اُس دن تقاریب کا انعقاد کرکے اِن سُورماوں کی داستانِ بہادری بتائیں تاکہ نسلِ آئندہ کے لیے وہ واقعات مشعلِ راہ بن سکیں۔