*مالیگاوں میں جنگِ آزادی کا آنکھوں دیکھا حال(پہلا اقتباس)*
✍🏻 *حافظ محمد غفــــــران اشرفی*
*(جنرل سکریٹری سنّی جمعیة العوام)*
📱 *[7020961779 /Malegaon]*
*خلافت کمیٹی کی تشکیل کے احوال:* مجاہدِ آزادی،احسن الکلام مرحوم احسن مالیگانوی مالیگاوں میں خلافت کمیٹی کے قیام کا جنگِ آزادی کا حال بیان کرتے ہوے لکھتے ہیں۔
"مالیگاوں میں بھی خلافت کا چرچا کسی نا کسی صورت میں ہونے لگا تھا۔یہاں کے مجاہدانِ آزادی بھی چوٹ کھاے ہوے شیر کی طرح انگڑائیاں لے کر دشمنوں پر لپکنے کے لیے تیار ہورہے تھے۔اُسی زمانے میں(15/فروری1920ء)مولانا شوکت علی نے بمبئی کا دورہ کیا۔مالیگاوں کے مجاہدین نے اُس موقع سے فائدہ اُٹھایا اور اپنے سب سے بہادر،جفاکش اور نڈر نوجوان کارکن منشی شعبان کو تفصیلی معلومات کے لیے بمبئی روانہ کیا۔جہاں اُنہوں نے خلافت کمیٹی کے تمام لیڈروں سے ملاقات کرکے تفصیلی معلومات حاصل کی اور مالیگاوں میں خلافت کمیٹی کے قیام کے لیے سرگرم عمل ہوگئے۔
بمبئی سے لوٹنے کے بعد منشی شعبان نے خلافت کمیٹی کے قیام کی غرض سے یتیم خانہ(اسلام پورہ)میں مٹینگ بلوائی۔اُس زمانے میں یتیم خانہ انگریز دشمن تحریک کا مرکز بنا ہوا تھا۔اُس مٹینگ میں امیر احمد گھڑی ساز،امجد،راقم الحروف(احسن مالیگانوی)،منشی خنداں اور متعدد دوسرے کارکن شریک رہے۔اُس مشورتی مٹینگ میں یہ طے کیا گیا کہ شہر کے سرداروں اور میونسپل کونسلروں سے کہا جاے کہ وہ خلافت کمیٹی قائم کرنے میں مدد دیں۔"
اُس مٹینگ کے بعد مرحوم احسن مالیگانوی ایک اور مٹینگ کے متعلق لکھتے ہیں کہ"منشی شعبان جیسے چند سرپھروں نے یتیم خانہ کے ایوان میں ایک اور مٹینگ(20/مارچ1920ء)بلواکر خلافت کمیٹی قائم کردی۔"جس میں حکیم عبدالمجید احسان عرف طیّب بھیّا(صدر)،منشی شعبان بھکاری(جنرل سکریٹری)،محمد حسن احسن(اسسٹنٹ و پروپیگینڈہ سکریٹری)،محمد منشی جوہر(والینٹئر کور سکریٹری)اراکین:مولانا عبدالعزیز عزیز،حکیم فاروق،عبدالرزاق کوکب،منشی خنداں،منشی بیدل،قدرت اللہ سوز،امیر احمد گھڑی ساز،امجد،محمد صادق غریب،چاند صاحب،محمد علی فوجدار صاحب وغیرہ۔
یہ مختصر احوال خلافت کمیٹی کے قیام سے متعلق جنگِ آزادی مالیگاوں کے عینی اور چشم دید شاہد مجاہدِ آزادی مرحوم احسن مالیگانوی(اسسٹنٹ و پروپیگینڈہ سکریٹری،خلافت کمیٹی)نے اپنی مستند کتاب"مالیگاوں میں جنگِ آزادی"میں قلمبند کیے ہیں۔جس کو صرف اِس لیے قارئین کی خدمت میں پیش کردیا تاکہ لوگ محسوس کریں کہ ایک صدی قبل جن نوجوانوں کو آزادی کی آواز بلند کرنے کے جرم میں تختہِ دار پر چڑھایا گیا اُن جِیالے اور آزادی کے متوالے نوجوانوں نے وقت کی ظالم حکومت سے ٹکراکر کیسا عظیم کارنامہ انجام دیا ہے۔جنگِ آزادی مالیگاوں سے متعلق بقیہ احوال ان شاء اللہ تسلسل کے ساتھ اقتباس کی صورت میں نذرِ قارئین ہوتے رہیں گے۔قارئین سے التماس ہے کہ 6/جولائی کو اِن محسنین کی یاد میں اپنے علاقوں میں تقاریب کا انعقاد کرکے خراج پیش کریں۔