*مالیگاوں میں جنگِ آزادی کا آنکھوں دیکھا حال(تیسرا اقتباس)*
✍🏻 *حافظ محمد غفــــــران اشرفی*
*(جنرل سکریٹری سنّی جمعیة العوام)*
📱 *[7020961779 /Malegaon]*
*تحریکِ انسدادِ مے نوشی(شراب بندی)* تحریک انسدادِ مے نوشی سے متعلق مرحوم احسن مالیگانوی لکھتے ہیں"چنانچہ انسدادِ مے نوشی(شراب بندی)کی تحریک چلی اور ایسی چلی کہ ملک بھر میں اِس کا چرچا ہوا۔اُس بڑے سمندر کی ایک چھوٹی سی ندی مالیگاوں میں بھی تھی۔جس میں مسلسل زور دار لہریں اُٹھ رہی تھیں۔وہ بھلا اِس سے متاثر ہوے بغیر کیسے رہ سکتی؟مے نوشی کے خلاف بمبئی سے اشتہارات مالیگاوں آے۔جنہیں منشی شعبان،سونو درزی اور دوسرے متعدد مجاہدین نے سپاٹی بازار اور دوسرے مقامات پر چسپاں کیے اور بھاجی بازار میں شراب نوشی کے خلاف ایک جلسہ بھی ہوا۔اُس پوری تحریک میں منشی شعبان جسم میں دوڑنے والے خون کی طرح شامل رہے۔اُس جلسے میں بہت سے شرابیوں نے شراب پینے سے توبہ کی۔مے کدوں کے در بند ہوگئے۔لوگ شرابیوں کو بری نظر سے دیکھنے لگے۔نتیجہ خاطر خواہ اور اچھا ہی نکلنے لگا۔بھلا اِس کو بدیسی ساقی کیسے برداشت کرسکتا تھا۔مجاہدینِ آزادی کی یہ وہ ادا تھی جو حکومت کو پسند نا آئی۔
چنانچہ فوجدار بھاسکٹ راو نے منشی شعبان اور اُن کے ساتھیوں کو بلا کر دھمکی دی۔لیکن جب دلوں میں آفاق گیری کے ولولے مچلتے ہیں تو منزل کی طرف دوڑنے والے راہ کی رکاوٹوں کو خاطر میں نہیں لاتے۔وہ آگ جو آزادیِ کامل کے ایندھن سے دلوں میں بھڑک رہی تھی وہ بھلا اِن دھمکیوں سے کیا سرد ہوتی۔منشی شعبان نے جواب دیا کہ آپ جو چاہیں کریں۔ہماری تحریک اِسی طرح چلتی رہے گی۔میخانوں پر پیکٹنگ جاری رہے گی۔ہم آپ کی دھمکیوں میں آکر یہ تحریک بند کرنے والے نہیں ہیں۔چنانچہ یہ تحریک چلی اور شان سے چلی۔جانے کتنے عادی شرابیوں نے شراب سے توبہ کی۔اور نا جانے کتنے گھروں میں تباہی کے منصوبے دھرے کے دھرے رہ گئے۔فوجدار کی بار بار دھمکیوں کے باوجود منشی شعبان اپنی جگہ اٹل رہے اور آخر تک متزلزل نہیں ہوے۔یہ عزم و حوصلہ تھا اُس مردِ مجاہد کا۔"زندہ باد منشی شعبان!
*تبصرہ:* حق کی راہ پر چلنے والوں کے قدموں میں زنجیر ڈالنا آسان کام نہیں ہوتا۔جب وہ ارادہ کرلیتے ہیں تو پھر وقت کی باطل قوتوں کی پرواہ کیے بغیر اپنی منزل کی جانب رواں دواں رہتے ہیں۔یہی جذبہ 1920ء میں شہر کے نوجوان مجاہدینِ آزادی کا تھا۔شراب پینے کی انگریزی حکومت کی طرف سے مکمل چُھوٹ تھی۔ایسے میں شراب کے خلاف آواز اٹھانا گویا وقت کی ظالم حکومت کو للکارنے کے مترادف تھا۔لیکن مالیگاوں کے جِیالے نوجوانوں نے انجام سے بے پرواہ ہوتے ہوے شراب خانوں میں جاکر لوگوں کو شراب سے توبہ کروائی۔مجاہدین نے اِس قدر محنتیں کیں کہ شراب خانوں کی رونقیں سرد پڑگئیں۔جس کی بنا پر جھنجھلاہٹ کا شکار ہوکر مقامی حکومتی کارندوں کی طرف سے مجاہدِ آزادی منشی محمد شعبان اور دیگر مجاہدین کو پابند سلاسل کردینے کی دھمکیاں بھی ملنے لگیں۔لیکن مجاہدین نے جو قدم حق کے لیے اُٹھایا تھا اُس سے اُنہوں نے سرِ مُو انحراف نا کیا۔ایسا جذبہِ صادق اِس دور کے نوجوانوں میں کہاں کہ وہ شراب بند کروائیں اور خود اگر پی رہے ہیں تو شراب سے توبہ کریں؟اب تو نوجوان فی زمانہ شباب اور شراب اِنہی دونوں کا متوالا ہوگیا ہے۔فرصت کے لمحات ہوں یا مصروفیات کی ساعت،وبائی امراض کے ایام ہوں یا عام دن حتی کہ ماہِ رمضان کے مبارک ایام،اِس دور کا نوجوان غیرت،حیا،شرم،خوفِ الٰہی کے تمام مقدّس پردوں کو چاک کرکے بے حیائی کے ساتھ یا تو شراب پی رہا ہے یا پھر کسی اسلامی بہن کی عزت سے کھلواڑ کررہا ہے۔(العیاذ باللہ!)انسانی تاریخ اِس بات پر عادل و شاہد ہے کہ جو اِن دونوں کے پیچھے گیا سب کچھ برباد کرکے لوٹا۔اُمّ الخبائث،اصلُ الجرائم بنتِ عنب نے تو پورا معاشرہ ہی تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔باپ پریشان ہے مائیں سِسکیاں لے رہی ہیں،بیٹے باپ کی شراب نوشی سے عاجز ہیں،اہلیانِ محلّہ تنگ آگئے ہیں حتی کہ شراب کی وجہ سے مسلم بیٹیاں طلاق لینے پر مجبور ہیں۔ضرورت ہے آج بھی مجاہدین آزادی کی انقلابانہ زندگیاں پڑھ کر اُن سے درس لینے کی۔کاش!ہمارے شہر کے اُن شہدا کی یادیں ہر برس 6/جولائی کو منائی جاتیں اور نئی نسلوں تک اُن کی زندگیوں کے اِن پاکیزہ پہلووں کو اجاگر کیا جاتا تو شاید ہماری قوم کے نوجوان کچھ عبرت حاصل کرتے۔اللہ پاک مجاہدین کو غریق رحمت فرماے۔