حیدرآباد ( اردو لیکس) تلنگانہ ہیومن رائٹس کمیشن نے ضعیف خاتون کا وظیفہ روک دینے کے واقعہ پر عہدیداروں پر شدید برہمی کااظہار کیا۔تلنگانہ کے جنگاوں ضلع کے لنگالاگھن پور دیہات کی رہنے والی انجماں کا وظیفہ تقریبا ایک سال سے روک دیاگیاتھا۔اس ضعیف خاتون نے عہدیداروں سے اس سلسلہ میں کئی مرتبہ نمائندگی کی جو لاحاصل رہی۔
بعد ازاں اس نے گرینونس سل کے ذریعہ کلکٹر سے اس سلسلہ میں شکایت کی۔کلکٹر نے اس شکایت کا نوٹ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔جب انجماں کے وظیفہ کی رقم کی عدم اجرائی کی وجوہات معلوم کی گئیں تو پتہ چلا کہ ریکارڈ میں اس ضعیف خاتون کو مردہ قراردیاگیا ہے جس کی وجہ سے اس کے وظیفہ کی رقم روک لی گئی ہے۔اس معاملہ پر عہدیداروں نے الزامات ایک دوسرے پرعائد کئے اور اس معاملہ سے خود کو الگ کرنے کی کوشش کی۔بعض اخبارات میں اس خبر کی اشاعت کے بعد ہیومن رائٹس کمیشن نے اس کا اپنے طورپر نوٹ لیا اور ضلع کلکٹر کو ہدایت دی کہ فوری طورپر خاتون کا وظیفہ جاری کیاجائے