زیر ترتیب شعری مجموعہ "مٹی ڈال "کا سرنامہ بنی غزل نے بے پناہ داد و تحیسن حاصل کی
مالیگاؤں :(خیال اثر) مٹی ڈال کے تخلیق کار ڈاکٹر واصف یار کی مالیگاؤں آمد پر کوہ نور میوزک اکیڈمی کے ریکارڈنگ روم میں ایک منفرد اعزایہ شعری نششت کا انعقاد کیا گیا.سینئر صحافی و شاعر سلیم جہانگیر کی صدارت اور عمران راشد کی نظامت میں ڈاکٹر واصف یار کا نہ صرف عظیم الشان استقبال کیا گیا. بلکہ ان کی خدمت میں گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی آمد کو اہالیان مالیگاؤں کے لئے خوش آئند قرار دیا گیا. ڈاکٹر شہروز خاور, صدیق اکبر, ندا فاروقی, خیال اثر, فرنود رومی, مشتاق احمد مشتاق, جیسے شعراء کے علاوہ صاحب اعزاز واصف یار اور صدر مجلس سلیم جہانگیرنے اپنے کلام بلاغت نظام سے سامعین کو محظوظ فرمایا. ڈاکٹر واصف یار کی جدید رجحانات و امکانات اور کروٹیں بدلتے ہوئے ردیف و قوافی پر مبنی غزلوں کو بے انتہا سراہا گیا
یاد رہے ڈاکٹر واصف یار کا تعلق دار السرور برہانپور جیسے تاریخی شہر سے ہے. موصوف کے والد محترم نصف صدی سے زائد عرصہ سے سال بہ سال ممتاز محل فیسٹول کے عنوان سے ممتاز کی یاد میں کل ہند مشاعرہ ,سیمنار و دیگر تقاریب کا باقائدگی سےانعقاد کرتے آئے ہیں. برسوں پہلے واصف یار کے والد محترم شہزادہ آصف خان غوری نے برہانپور جیسے تاریخی شہر اور ممتاز محل کے اولین مدفن کو ویران تاج محل جیسے تاریخی ورثے کی حیثیت سے کتابی شکل میں ترتیب دے کر اسے عام بھی کیا تھا. جس طرح واصف یار کے اجداد ماضی میں سونے چاندی کے ورق بنایا کرتے تھے بالکل اسی طرح آج موصوف لفظوں کی بنت
سے شعر و شاعری میں ناموری حاصل کرتے جارہے ہیں. واصف یار کے جد امجد موحوم اشرف پینٹر بھی اپنے وقت کے نامور مصور رہے ہیں. شاہکار فلم مغل اعظم کے مختلف رنگوں کے امتزاج سے قد آدم پوسٹر مہینوں تک سنیما گھر کی زینت بنا رہا تھا. مرحوم اشرف پینٹر کے تعلقات کے آصف, نوشاد, دلیپ کمار, شکیل بدایونی, حسرت جے پوری,محبوب جیسے نابغہ روزگار فنکاروں و قلمکاروں سے دیرنہ رہے ہیں بلکہ دلیپ کمار تو ان کے مکان پر قیام پذیر بھی ہوئے تھے. برہان پور میں ایک نمایاں شخصیت کے حامل یہ خانوادابرہانپور کے تاریخی ورثے کی بقاء کے لئے مسلسل سرگرداں رہا ہے.یہ شہزادہ آصف خان غوری ہی تھے جنھوں نے برہان پور میں موجود ملکہ ہندوستان ارجمند بانو المعروف ممتاز محل کااولین مدفن دریافت کرتے ہوئے دنیا کو چونکانے کا سبب بنے تھے. عجب بات ہے کہ شہزادہ آصف خان غوری اور ان کا خانوادہ چار سو پچاس سال سے زیادہ ممتاز محل کی بوڑھی روح کی زلف گرہ گیر کا عاشق دل گیر ہے. برہان پور کے ہی ایک شاعر شعور آشنا کے مطابق راتوں کے پر ہول سناٹوں میں ممتاز محل کے عشق میں مجنوں بنے آصف خان ممتاز محل کے ویران مدفن پر ممتاز محل ممتاز محل کی گردان پاگل پن کی حد کرتے دکھائی دیتے ہیں
مرحوم اشرف پینٹر کے خانوادے کا یہ جنون ہے کہ ختم ہونے کی بجائے دن بدن بڑھتا ہی جارہا ہے .اس خانوادے کا مقصد صرف اور صرف یہی ہے کہ محمکہ آثار قدیمہ اس عظیم تاریخی ورثے کی حفاظت کے لئے متوجہ ہو چاہے وہ برہان پور کی کالے پتھروں سے تعمیر شدہ خوب صورت ترین جامع مسجد ہو یا شاہی قلعہ ممتاز محل یاحمام ہو یا پھر ممتاز محل کا اولین مدفن. وہ مدفن جو ممتاز محل کے مردہ جسم اور روح سے عاری ہے. برسوں پہلے شہزادہ آصف خان غوری نے حکومت وقت سے مطالبہ بھی کیا تھا کہ ممتاز محل کی آخری وصیت پر عمل پیرا ہو کر ان کے اولین مدفن پر تاج محل تعمیر کیا جائے اور اگر یہ ممکن نہ ہو تو آگرہ میں جمنا کے کنارے سنگ مرمر سے تعمیر کئے گئے تاج محل کو سائینس و جدید ٹیکنا لوجی کے ذریعے ٹکڑوں میں کاٹ کر برہان پور لائیں اور اسی مقام پر آن بان اور شان کے ساتھ استادہ کر دیا جائے جہاں پر ممتاز محل کو موت کے بعد پہلے دفن کیا گیا تھا نیز ایسا کرنے میں جو بھی خرچ درکار ہوگا اسے وہ خود برداشت کرنے کی قوت رکھتے ہیں. آج چند ماہ بعد ہی ممتاز محل فیسٹول اور ممتاز محل کی برسی قریب آرہی ہے اور ہندوستان کی فضاؤں میں شہزادہ آصف خان غوری کی ممتاز محل ممتاز محل کی گردان سنائی دے رہی ہے. ڈاکٹر واصف خان یار یا ان کا خاندان اسی مقام پر سکونت پذیر ہے جہاں شہنشاہ ہند شاہجہاں کے احباب خاص میں شامل عبدالرحیم خان خاناں کا قیام تھا اور شاید یہی وجہ ہے کہ ان کی توجہ کا مرکز برہان پور کے تاریخی مقامات اور ممتاز محل ہو. بہرحال جو بھی ہے واصف یار کی مالیگاؤں اہالیان شہر کے لئے خوش آئند ہے. موصوف کی شاعری کو مجلس میں تمام ہی شعراء اور سامعین نے بے پناہ داد و تحیسن سے نوازہ. اس موقع پر کوہ نور میوزک اکیڈمی کے روح رواں ابوالفصل جاوید نے بھی واصف یار کی خدمت میں گلہائے عقیدیت پیش کرتے ہوئے نہ صرف نیک خواہشات کا اظہار کیا بلکہ انھیں بار بار مالیگاؤں آنے کی پر خلوص دعوت دی