تلگو اورانگریزی میڈیا اداروں کی جانب سے خبروں کی تیز ترتسیل کو دیکھتے ہوئے اردو زبان میں بھی محبان اردو کو تازہ ترین خبروں سے واقف کروانے کے مقصد سے آج سے 6 سال قبل ”اردولیکس” کا آغاز کیا گیا۔ اس کے آغاز کے پس پردہ صرف اورصرف اردو کی خدمت کا جذبہ ہے، صحافت سے وابستہ ہمارے بھائی بہترطورجانتے ہیں کہ تازہ اورسچائی پرمبنی خبریں چند ہی لمحوں میں قارئین تک پہنچانا کتنا مشکل کام ہے، لیکن آپ تمام کے تعاون اورمحبان اردو کی دعاوں کی بدولت ہم اس کوشش میں قارئین کے اعتماد پرپورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ہم یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ ہم ہی سب سے پہلے اورسچائی پرمبنی خبریں آپ تک پہنچا رہے ہیں اسے ایک حقیرکوشش کہا جاسکتا ہے۔ حالانکہ جس وقت اردو نیوز پورٹل کا خیال ہمارے دل میں آیا اس وقت بعض افراد کا کہنا تھا کہ اس میں کامیابی مشکل ہے لیکن الحمداللہ محبان اردو کی محبتوں کے نتیجہ میں ہم نے جس مقام سے سفرشروع کیا تھا آج اس سفرمیں کافی حد تک ترقی حاصل ہوئی ہے اورہمارے اندازے اورتوقعات سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جارہی ہے جس کیلئے ہم آپ تمام کے مشکورہیں۔ اردو زبان کے تعلق اکثرلوگ اس خام خیالی میں ہیں کہ وہ دم توڑ رہی ہے جبکہ یہ سراسرغلط ہے ،اگرایسا ہوتا تو گوگل جیسے سرچ انجن کے علاوہ فیس بک وغیرہ پراردو زبان کا استعمال نہیں کیا جاسکتا لیکن قریب سبھی پلیٹ فارمس پراردو میں تحریرکرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
کوئی بھی چیز مکمل نہیں ہوتی اسی طرح ہم بھی مکمل ہونے کا دعویٰ نہیں کرتے، بعض مرتبہ ہم سے بھی بھول چوک ہوجاتی ہے، جلد بازی میں کچھ غلطیاں ہوجاتی ہیں لیکن ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ آپ نے تازہ خبریں پہنچانے کی کوشش میں ہونے والی ان غلطیوں کے باوجود ہرقدم پراردولیکس کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ آپ کی اس حوصلہ افزائی نے ہمارے عزائم کو کمزورہونے نہیں دیا، آپ تمام کی بے پناہ محبت نے ہمیں اپنا سفرجاری رکھنے کا حوصلہ عطا کیا ہے جس کے لئے ادارہ آپ تمام اورہماری ٹیم میں شامل وہ تمام ارکان جو قدم قدم پرساتھ دے رہے ہیں ان تمام کا تہہ دل سے ممنون ومشکورہے۔ امید کہ اردوزبان کے توسط سے ہمارا یہ رشتہ یوں ہی قائم ودائم رہے گا۔
زیشان علی ایڈیٹراردو لیکس