عید ہمارا شعار اور اسلامی تہوار ہے۔جس کی آمد پر اہلِ ایمان کو آپس میں ایک دوسرے کو مبارک باد دینی چاہئے۔لیکن اس کا طریقہ ایسا ہو کہ مقصد بھی حل ہوجائے،لوگوں کا دل بھی خوش ہو اور بغیر کسی مالی نقصان کے عید کی مبارک بادی بھی لوگوں تک پہنچ جائے۔
گزشتہ کئی برسوں سے صرف ہمارے شہر میں ایک ایسی منحوس بیماری عام ہوگئی ہے جس سے صرف قومِ مسلم کے اموال کا خسارہ،نقصان اور اتلاف ہی ہے۔جس میں کوسوں دور تک ملّت کا اور معاشرہ کا ایک رتّی بھر بھی کوئی فائدہ نظر نہیں آتا ہے۔اُس منحوس بیماری کو تصاویر والے پوسٹرس کے ذریعہ عید کی مبارک بادی دینا کہا جاتا ہے۔جس پر بِلا مبالغہ معاشرہ کے ایسے درجنوں پاکیزہ اور معصوم روزہ داروں کی تصویریں ہوتی ہیں جنہوں نے ماہ رمضان میں کوئی روزہ نہیں چھوڑا ہوتا!!!۔جس کے ذریعہ ہماری قوم کے لاکھوں لاکھ روپئے یوں ہی چند گھنٹوں میں پانی کی طرح ضائع ہوجاتے ہیں۔جس قدر فضول خرچی ہماری قوم میں ہے شاید ہی کسی دوسری قوم کے لوگ اپنی دولت کا اتنا بے جا استعمال کرتے ہوں گے۔اُن کی دولت اپنے مذہب کی تشہیر اور مضبوطی کے لیے خرچ ہوتی ہے اور ہماری دولت کے دینی اسراف کا ہمارے مسلمانوں کو کوئی مصرف نظر نہیں آتا۔اِس دور پُر خطر میں مسلمانوں کو خصوصیت کے ساتھ اپنی معاشی اور تعلیمی حالت پر غور کرنے کی ضرورت ہے خاص طور پر اپنے مال کو بچاکر معاش کی منڈی میں اپنے آپ کو مضبوط بنانے کی اشدّ ضرورت ہے ورنہ دنیا مسلمانوں کو بھیک کا کاسہ تھمانے کا مکمل منصوبہ تیار کرچکی ہے جس پر آج وہ سختی کے ساتھ عمل پیرا ہیں۔آج ہمارا حال یہ ہے کہ شہر کی جس اہم شاہراہ اور مشہور چوک سے گزر ہورہا ہے اُن مقامات پر انسانی تصاویر کے ساتھ عید کی مبارک بادی کے فضول بینرس لگے ہوئے ہیں۔قومِ مسلم کے دانشوروں،اداروں کے ذمہ داران اور واقعی ملّی ہم دردی و سیاسی شعور رکھنے والوں سے ہماری گزارش ہے اپنی دولت کو بے جا صرف نا کریں۔کسی مشکل وقت کے لیے بچاکر رکھیں اور اُس دولت سے قومِ مسلم کی فلاح کے کام انجام دیں۔قومِ مسلم کی فلاح کے کام کی فہرست بہت وسیع ہے جس طرف قوم کا درد رکھنے والے علما و دانشوران اپنے خطابات میں رہنمائی کرتے رہتے ہیں۔اگر علما سے رابطہ کیا جائے تو وہ ہماری رہنمائی ضرور کریں گے۔مسلمانوں کو منظّم ہونے کی ضرورت ہے جس کے لیے ہر ہر قدم پر روپیوں کی کمی کا احساس ہوتا ہے۔اِس لیے سنجیدہ افراد سے میری گزارش ہے اِس فضول رسم(عید کی مبارک بادی والے بینرس)کو شہر سے ختم کریں اور اپنی دولت کو تحفّظ دے کر قوم مسلم کو ترقی کی طرف لے جائیں۔
اللہ پاک سب کو ملّی شعور عطا فرمائے۔آمین۔


