معاش کی خوش حالی اور شکستگی کو کسی بھی قوم و ملک کی ترقی اور تنزّلی کا معیار مانا جاتا ہے۔آپ دنیا میں ترقی یافتہ اقوام اور عروج پذیر ممالک کا تجزیہ کریں تو یہ بات صاف نظر آئے گی کہ وہی قوم و ملک ترقی پذیر ہے جس کا معاش کافی مضبوط ہے۔خصوصیت کے ساتھ دنیا کے مارکیٹ میں ڈھائی فیصد یہودی قوم معاشی حالت کو کنٹرول میں کرکے گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنی قوم کے نام کا لوہا منوارہی ہے۔
دوسری طرف ملکی اعتبار سے مشاہدہ کرنا ہوتو چین ایجادات کی دنیا میں اپنے پنجے گاڑ کر معاشی پوزیشن مضبوط کرکے دنیا بھر میں اپنے ملک کو متعارف کراچکا ہے۔گویا معاش عروج و زوالِ اقوام و ممالک کا ایک اہم حصّہ ہوتا ہے۔معاش کو استحکام دینے کے لیے ضروری ہے کہ سرمایہ دار اپنے سرمایہ کو کاروبار یا تجارت میں لگائیں تو یہ سرمایہ کاری کافی منافع بخش ثابت ہوتی ہے۔قومِ مسلم فی زمانہ اپنی معاشی حالت کو کیسے مستحکم کرے؟کس طرح علاقائی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی جائے؟کاروبار میں بِلا سودی نظام کے لیے کیا کیا جائے؟اِن سوالات کے لیے ہمارے پاس سب سے بہترین جواب بازارِ مدینہ کی شکل میں ابھر کر سامنے آتا ہے۔
جہاں اصحابِ رسول بھی بظاہر اِسی طرز کی مشکلات سے دوچار تھے جن معاشی بدحالی اور بُحران سے ہم جُوجھ رہے ہیں۔اُن کے لیے پیغمبر رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا اقدامات کیے خصوصیت کے ساتھ اِن باتوں کا سرمایہ دار اور سنجیدہ حضرات مطالعہ کریں اور کم از کم علاقائی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرکے قوم و ملت کو بام عروج پر لانے کی کوشش کریں۔
بازارِ مدینہ کا قیام اور نبوی طرزِ عمل: ایسے وقت میں جب کہ پورے بازار پر یہود کا مکمّل قبضہ تھا کسی کو بھی یہ توقع نا تھی کہ مدینے میں رہنے والے انصار و مہاجرین کبھی اپنی معاشی حالت کو مضبوط بناکر کسی معاشی مارکیٹ پر قابض بھی ہوسکیں گے۔مدینہ منورہ میں قبائلِ یہود کے قائم کیے ہوئے بازار کا حال یہ تھا کہ ابورافع جیسا اسلامو فوبیائی ذہنیت کا حامل یہودی ماہرِ تجارت مدینے کے اُس بازار کا پورا اختیار اپنے ہاتھ میں لیے ہوئے تھا۔بازار میں مال کی جو قیمت وہ طئے کردے وہی رائج ہوتی تھی،کس کے مال کا کتنا ٹیکس ہوگا،کس کو اپنا مال بازار میں فروخت کرنا ہے،یہ سارے معاملات ابورافع کے ہاتھوں میں تھے۔مسلمان سرمایہ داروں کو بمشکل اُس بازار میں مال فروخت کرنے کی اجازت ہوتی اور اگر یہود کے علاوہ مسلمانوں کو اپنا مال بیچنا ہوتا تو اُن پر بھاری ٹیکس کی ادائیگی لازمی تھی۔
جس کی وجہ سے مدینے کے سرمایہ دار مسلمانوں کا مال کافی کم منافع میں فروخت ہوتا تو دوسری طرف یہود مسلمانوں کے اموال اور جائیداد پر سود(حرمتِ سود سے پہلے)کی وجہ سے قابض ہورہے تھے۔چھوٹے موٹے دھندہ بیوپار کرنے والوں کا معاشی استحصال ہورہا تھا۔پیغمبرِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے بعدِ ہجرت اُس بازار کے اِن بگڑے ہوئے اور تانا شاہی حالات کا چشمِ پیغمبرانہ سے مطالعہ کرنے کے بعد مسجدِ نبوی شریف سے بالکل قریب مسلمانوں کے مفاد کے لیے جدید اور بہترین اسلامی اُصول پر مبنی اپنا بازار قائم کیا۔
جس میں غیر سودی اور بِنا ٹیکس کی ادائیگی کے لوگوں کو اپنا مال فروخت کرنے کی حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے عام اجازت مرحمت فرمائی۔اُس بازار میں مسلمان سرمایہ داروں نے بھی بھرپور سرمایہ کاری کی جس کے منافع بخش اثرات کچھ ہی دنوں میں نکل کر سامنے آئے۔بازارِ مدینہ کی انتظامی ذمہ داری حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے از خود اپنے ذمہ لی تاکہ کوئی بھی دکاندار یا گراہک بازار میں مالی اعتبار سے ایک دوسرے کے ساتھ کسی طرح کی زیادتی و حق تلفی نا کرسکے۔نتیجتا جب ٹیکس اور سود کا بار مسلمان تاجروں کے سر سے کم ہوا تو نئے قائم کردہ اسلامی بازار میں تمام اشیا مع در آمد اور برآمد کے بنسبت دوسرے بازار کے کم قیمت میں فروخت ہونے لگی،
گراہک اِس جانب کثرت سے رخ کرنے لگے،دوسرے شہروں کے تجّار بھی اس بازار میں آکر خوش دلی کے ساتھ اپنا مال فروخت کرنے لگے۔چند ماہ میں آقائے کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیغمبرانہ بصیرت اور اسلامی معاشی اُصول پر قائم ہونے والے اِس نئے بازار کا اثر یہ ہوا کہ خود یہود بھی اِس اسلامی بازار میں خرید و فروخت کے لیے مجبور ہوگئے۔اِن تبدیلیوں اور کامیابیوں کے باوجود پیغمبرِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے اُس بازار کی اہمیت کو بڑھانے کے لیے اور مسلمانوں کو اپنے بازار سے خرید و فروخت کی ترغیب دلانے کے لیے ارشاد فرمایا: *"اَلْجَالِبُ اِلٰی سُوْقِنَا کَالْمُجَاہِدِ فِیْ سَبِیْلِ اللہِ۔جو ہمارے اس بازار میں مال لے کر آئے گا وہ اسی طرح کے اجر کا مستحق ہوگا جیسا کہ اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والا ہے۔"(مصنف ابن شیبہ،ج۴،ص ۳۰۵۵)* عقل مند را اشارہ کافی است
سرمایہ دار حضرات سے خصوصی توجہ: یہود کے بازار اور بازارِ مدینہ کا خاکہ پیش کرنے کا مقصد یہ ہے کہ آج ہمارے ملک کے حالات بھی مدینے کے بازارِ یہود سے زیادہ مختلف نہیں ہیں۔مسلمانوں کے اموال اور اُن کے معاش کا غیروں کے ہاتھوں استحصال،غیر مسلم بیوپاریوں کا مسلمانوں کو سود پر قرض دے کر اُن کی جائیداد پر قبضہ کرنا،دھندہ بیوپار کرنے والوں پر ظلم و زیادتی وغیرہ۔جو مسائل اصحابِ رسول کو یہودیوں سے درپیش تھے وہی حالات آج ہماری نگاہوں کے سامنے ہیں۔ایسے حالات میں ہمارے سرمایہ دار بھی اگر چاہیں تو نبوی اُسلوب کو اپناتے ہوئے بازارِ مدینہ کے اصول کو نمونہ بناکر بغیر کسی سود کے مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرکے اپنا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔جس کے لیے اُنہیں یہ کرنا ہوگا کہ صنعتی میدان میں اپنے اور مارکیٹ کے بیچ میں حائل بیچولیوں(بیوپاریوں)کو درمیان سے ختم کرنا ہوگا۔اور سوت کی خریدی سے لے کر تیار کیے ہوئے مال تک،حتّی کہ وہ مال مارکیٹ میں آنے تک مکمل اپنے اختیار میں رکھنا ہوگا۔اُس کے بعد مارکیٹ میں اپنے دام سے مال کو فروخت کریں۔مارکیٹ میں بیٹھا ہوا بیوپاری جس کو آپ کی دریا دلی نے بیوپاری بنایا ہے وہ جب چاہتا ہے سوت کا دام بڑھا کر اور تیار مال کا دام کم کرکے بغیر پسینہ بہائے ٹھنڈے روم میں بیٹھ کر اپنا جیب ڈھیلا کرلیتا ہے۔نیز دھارے کے نام پر اور چیک وقت سے پہلے تڑوانے کے نام پر جو رقم سود کی اُن کے جیب میں جاتی ہے وہ شمار سے باہر ہے۔اِس لیے کچھ سرمایہ دار ہمّت سے کام لیتے ہوئے چھوٹے پیمانے پر ہی سہی مگر مارکیٹ میں بِلا سودی کاروبار کے لحاظ سے آغاز کرنے کی کوشش کریں۔اور جو رقم سود کے نام پر اپنی کم ظرفی کی بنیاد پر بیوپاریوں کے جیب میں ہم ڈال رہے ہیں اُس کو بِلا سودی کاروبار اپنے دم پر شروع کرکے اپنے ہی جیب میں رکھ کر اُس سے اپنا اور ملت کا بھلا کریں۔آغاز میں کچھ دقّتوں کا سامنا ضرور ہوگا لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ کوئی بھی کاروبار بغیر محنت و مشقّت اور بغیر کسی سے ٹکّر لیے آگے نہیں بڑھتا۔
سرمایہ دار پاور لوم صنعت کے علاوہ بھی کچھ کریں: اِسی کے ساتھ کچھ سرمایہ دار زراعت کے شعبہ میں اپنی قسمت آزمائی کریں۔زراعت ایک ایسا شعبہ ہے جہاں مسلمان بہت کم نظر آتے ہیں۔جب کہ زراعت سے اشیائے خورد و نوش کی پیداوار کرکے اُس شعبہ میں بھی قسمت آزمائی ہوسکتی ہے جس میں نقصان کم اور منافع زیادہ ہی ہوتا ہے۔اِس کے علاوہ شہر کی عوام کے لیے اہلِ ثروت حضرات مولس کا قیام عمل میں لائیں۔جہاں ایک ہی چھت کے نیچے چھوٹی سے چھوٹی اور بڑی سے بڑی ہر چیز لوگوں کو آسانی سے مل سکے۔کرانہ کے بڑے بڑے ہول سیل مارکیٹ میں بھی سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔یہ وہ شعبہ جات ہیں جہاں سے ہمارے سرمایہ دار حضرات اپنا پیسہ لگا کر اچھا خاصا منافع کماسکتے ہیں۔اگر وقت کی اِس نفرتی آندھی سے ٹکراکر اِسے پاش پاش کرنا ہے اور ملّت کے بڑے منافع کے ساتھ اپنا بھی کچھ فائدہ کرنا ہے تو اِن باتوں پر ہمارے سرمایہ دار طبقہ کو غور کرنا چاہئے۔اِس لیے کہ اگر ہم نے کچھ دوسرا کاروبار بڑے اور اعلیٰ پیمانے پر شروع کیا جیسے مولس،گارمینٹس میں برانڈیڈ آئٹمس،ٹیکنالوجی کے سامان کا شوروم،آٹو پارٹس کے ہول سیل کا کاروبار،کرانہ ہول سیل کا مارکیٹ وغیرہ تو اوّل ہمارے بہت سے غریبوں کو نوکری مل جائے گی۔ساتھ ہی لوگ کسی اور سے مال خریدنے کی بجائے ہم سے ہی مال خریدیں گے۔آج دشمن ہمارے ہی پیسوں سے ہم پر ہی راج کررہا ہے اور جب چاہتا ہے ہمارا معاشی استحصال کرکے ہمیں مرعوب کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ہمیں زمانے کی ضرورت بن کر دکھانا ہے اور بازارِ مدینہ کی طرح ایک نمونہ بھی پیش کرکے مقامی سطح پر مارکیٹ میں اپنے نام کا سکّہ بٹھانا ہے جو کہ آسانی سے ہوسکتا ہے۔اللہ پاک آپ کا اور ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔


