حیدرآباد( اردولیکس) ریاست اتراکھنڈ کے کاشی پور سے تعلق رکھنے والی دو غیر مسلم بہنوں نے اپنے والد کی آخری خواہش کو پورا کرنے کے لیے عیدگاہ کے لیے اپنی کھیت کی زمین عطیہ کی ہے۔ تقریباً 1.5 کروڑ روپے کی زمین دونوں بہنوں سروج اور انیتا نے عیدگاہ کمیٹی کے حوالے کی ۔
ایسے وقت میں جب ملک میں کہیں نہ کہیں فرقہ وارانہ فسادات برپا ہورہے ہیں ان دو بہنوں کے کام کی پورے ملک میں ستائش ہو رہی ہے۔ رمضان عید کے دوران، وہاں کے تمام مسلمانوں نے دونوں غیر مسلم بہنوں کی طرف سے کی گئی مدد کی ستائش کی۔
بھرجندن پرساد رستوگی اتراکھنڈ کے ادھم سنگھ نگر ضلع کے کاشی پور نامی ایک چھوٹے سے قصبے میں رہتے تھے۔ ان کی دو بیٹیاں سروج اور انیتا اور ایک بیٹا راکیش رستوگی ہے۔ بھرجندن پرساد رستوگی کی دو بیٹیاں شادی کے بعد دہلی اور میرٹھ منتقل ہوگئیں۔ بھرجندن پرساد مقامی عیدگاہ کی توسیع کے لیے مقامی مسلمانوں کو ان کی کھیت کی زمین میں کچھ زمین دینا چاہتے تھے۔ یہ بات انھوں نے کئی بار اپنے قریبی رشتہ داروں کو بتائی لیکن اپنے بچوں کو نہ بتا سکے۔ بھرجندن پرساد کا انتقال 20 سال پہلے ہو گیا تھا۔
۔ لیکن حال ہی میں سروج اور انیتا کو اپنے والد کی آخری خواہش کا علم ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے گاؤں میں ہی رہنے والے اپنے بھائی راکیش کو معاملے کے بارے میں راضی کیا۔ اس کے بعد انہوں نے تقریباً 2 ہزار سے زائد گز زمین عیدگاہ کے حوالے کی۔ سروج اور انیتا کا کہنا ہے کہ وہ بہت خوش ہیں کہ ان کے والد کی آخری خواہش پوری ہو گئی ہے۔
عیدگاہ کمیٹی کے ذمہ دار حسن خان نے دونوں بہنوں کے اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد دونوں بہنوں کو تہنیت پیش کریں گے



