عادل آباد( اردولیکس) عادل آباد کے محلہ بھکتاپور کا رہائشی 17 سالہ نوجوان مرزا کاشف بیگ کی نعش تامسی منڈل کے وڈاڈی ڈیم میں بروز جمعرات دستیاب ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مرزا کاشف بیگ پانچ جولائی سے لاپتہ بتایا گیا ہے۔کم عمر نوجوان کے لاپتہ ہونے کی پولیس میں افراد خاندان نے شکایت بھی درج کروائی تھی۔بالآخر جمعرات کو وڈاڈی ڈیم میں نعش ملی۔تامسی منڈل پولیس نے نعش کا پنچامہ کرتے ہوئے عادل آباد کے رمس اسپتال میں واقع مردہ خانہ منتقل کردیا تھا۔
نعش کو جمعہ کی صبح بعد پوسٹ مارٹم افراد خاندان کے حوالے کیا گیا۔مرحوم کی نماز جنازہ میدان عیدگاہ میں ادا کی گئی اور تدفین عیدگاہ سے متصل قبرستان میں عمل میں لائی گئی۔نماز جنازہ میں رشتہ داروں،دوست و احباب نے شرکت کی۔اطلاعات کے مطابق اس معاملے کی مکمل تحقیقات کے لئے کیس کو ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔ٹو ٹاؤن پولیس نے لاپتہ کیس کو قتل معاملہ میں درج کرتے ہوئے مختلف زاویوں سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔نوجوان کے اچانک سانحہ پر افراد خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی۔


