﴿ ١ ﴾ قربانی کے بڑے جانور میں ایک سے زائد شرکاء ہوں اور وہ باہمی گوشت تقسیم کرنا چاہیں تو اندازے سے گوشت تقسیم کرنا جائز نہیں بلکہ محتاط طریقے سے وزن کرکے ہی تقسیم کیا جائے تاکہ سب کو برابر حصہ پہنچے، البتہ اگر ہر حصے میں کچھ کلیجی، کچھ سری، پائے اور کھال رکھ دیے جائیں تو ایسی صورت میں پھر باہمی رضا مندی سے اندازے سے بھی تقسیم کرنا جائز ہے۔ البتہ اگر قربانی میں شریک افراد ایک ہی جگہ رہتے ہوں اور ان کا کھانا پینا مشترک ہو اور وہ گوشت تقسیم نہ کرنا چاہیں تو بھی جائزہے۔
﴿ ٢ ﴾ قربانی کرنے والا اگر اپنے حصے کا سارا کا سارا گوشت خود ہی رکھنا چاہے تب بھی جائز ہے البتہ بہتر یہ ہے کہ گوشت کے تین حصے کیے جائیں ایک حصہ اپنے گھر کے لیے رکھے، ایک حصہ رشتہ داروں کے لیے اور ایک حصہ غریبوں میں تقسیم کرے۔
﴿ ٣ ﴾ قربانی کا گوشت امیر، غریب، سید، مسلم، غیر مسلم سب کو دینا جائز ہے۔
﴿ ٤ ﴾ قربانی کا گوشت رقم کے عوض فروخت کرنا جائز نہیں، اگر کسی نے فروخت کرلیا تو اس رقم کو صدقہ کرنا ضروری ہے۔
﴿ ٥ ﴾ قربانی کا گوشت اجرت اور تنخواہ کے طور پر دینا جائز نہیں، یہی وجہ ہے کہ امام، مؤذن اورمعلم کو تنخواہ اور قصائی کو اجرت کے طور پر گوشت دینا جائز نہیں۔
قربانی شریعت کے مطابق کیجئے (ج: ١ - ص: ٣٦)

