عمومی طور پر جب نکاح ہوتا ہے تو عورت کو والدین کا گھر چھوڑ کر شوہر کے گھر آنا ہوتا ہے. ایک تہذیب اس گھر کی تھی اور اب ایک تہذیب نئے گھر کی ہے. ظاہر ہے دونوں گھریلو ماحول میں تفاوت تو ہوگا ہی. اب عورت چاہے تو شوہر کے گھریلو ماحول میں ڈھل جائے یا پھر شوہر کے خاندان والے عورت کے مزاج میں ڈھل جائیں. دونوں میں سے ایک چیز ہوگی تب ہی موافقت پیدا ہوگی.
اگر عورت ضد پر اڑی رہے کہ میں میرا کلچر یا میری تہذیب پر قائم رہوں گی. تو پھر ازدواجی زندگی میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں. اسلئے کہ ایک عورت کے لیے ایک خاندان نہیں بدل سکتا. اگر کسی خاندان میں ایسا ہوجائے کہ گھر کے لوگ نئی آنے والی بہو کے رنگ میں رنگ جائیں تو پھر زمانے کے لوگ طعنہ دیتے ہیں کہ دیکھو کس طرح بہو نے سارے خاندان کو اپنی مٹھی میں کرلیا. کچھ لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ دیکھو بہو نے کیا گھول کر پلادیا ہے۔ اسلئے ہم دیکھتے ہیں کہ اگر معاشرے میں کوئی خاتون اپنی تہذیب اور ضد پر اڑی رہے تو پھر گھر بگڑتے ہیں، ازدواجی رشتے ناکام ہوتے ہیں. اور بات طلاق تک جا پہنچتی ہے.
دوسری وجہ عورت کا اپنے خاوند کو اندھیرے میں رکھنا بھی ہے. بعض خواتین اپنے آپ کو بہت زیادہ چالاک سمجھتی ہیں. اور بہت سارے کاموں میں اپنے خاوند کی اجازت کے بغیر یا پھر ان سے جھوٹ بول کر معاملہ نپٹالیا جاتا ہے. کچھ شوہر ایسے ہوتے ہیں جو اس چیز کو ہنس کر ٹال دیتے ہیں لیکن کچھ شوہر جو سخت مزاج ہوتے ہیں پھر وہ اس بات کو گوارہ نہیں کرتے کہ ہماری اجازت کے بنا کس طرح بیوی نے فلاں فلاں کام کرلیا. پھر ہوتا یوں ہے کہ نہ عورت اپنی عادت سے باز آتی ہے اور نہ شوہر نامدار اپنے مزاج کو نرم کرتے ہیں. بالآخر بات بگڑتے بگڑتے طلاق تک جا پہنچتی ہے. اسلئے عورت پر لازم ہے کہ شوہر کی اجازت سے تجاوز نہ کرے. عورت کی زندگی ایک کھلی کتاب کی طرح اپنے شوہر کے سامنے ہونی چاہیے. یہاں تک کہ والدین سے ملاقات بھی کرنی ہو تو شوہر کی اجازت ضرور طلب کرلے. اگر شوہر ظالم ہے اور والدین سے ملنے کی بھی اجازت نہیں دیتا تو پھر شریعت نے اصول بیان کیے ہیں. ایک مخصوص مدت کے بعد وہ بنا شوہر کی اجازت کے اپنے والدین کے گھر چلی جائے لیکن لازم ہوگا کہ شام تک گھر واپس آجائے. لیکن ایسے ظالم شوہر تو کم ہی ہوتے ہیں. ہم نے تو اب تک نہیں دیکھا. اکثر شوہر بخوشی اجازت دے دیتے ہیں یہاں تک کہ بیوی کو گاڑی پر بٹھا کر میکہ تک بھی پہنچایا جاتا ہے لیکن وہی شوہر جب کبھی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے میکہ بھیجنے سے انکار کردے تو عورت پر لازم ہے کہ وہ شوہر کا حکم بجا لائے. ضد پر نہ اڑی رہے. اور عموماً جن خاندانوں میں میاں بیوی ایک دوسرے کے حقوق کو ادا کرتے ہیں ہم دیکھتے ہیں کہ وہاں پر خوشحال ازدواجی رشتے قائم ہوتے ہیں.
اللہ سے دعا ہے کہ اللہ پاک ہم تمام کی ازدواجی زندگیوں میں محبت، الفت اور برکت عطا فرمائے. شرور و فتن سے ازدواجی زندگی کو محفوظ رکھے. آمین ثم آمین. شکریہ.


