بھیونڈی؛(پریس ریلیز) فلاحِ عام ٹرسٹ، بھیونڈی گزشتہ کئی برسوں سے سماجی، تعلیمی اور طبی خدمات انجام دے رہا ہے۔ ڈیجیٹل ایکسرے، ای سی جی اور سونو گرافی جیسے جدید آلات سے آراستہ وی وی کیئر ڈائیگنوسٹک اینڈ میڈیکل سینٹر کا شاندار افتتاح بروز اتوار بتاریخ ۹/ اکتوبر ۲۰۲۲ء شام سات بجے بمقام واجہ محلہ بھیونڈی جناب رضوان الرحمٰن خان (امیر حلقہ مہاراشٹر اور چیرمن فلاحِ عام ٹرسٹ مہاراشٹر) کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔
بعد ازاں جی.ایم.مومن ویمنز کالج ہال میں جناب رضوان الرحمٰن خان کی صدارت میں ایک جلسہ افتتاح منعقد ہوا۔ جس میں ڈاکٹر عبدالرؤف سمار (صدر، مسلم ایمبولینس سوسائٹی) اور ڈاکٹر محمد عمران (سیکریٹری، فلاحِ عام ٹرسٹ مہاراشٹر) خصوصی مہمانان کی حیثیت سے شریک ہوئے۔
صدرِ جلسہ نے ٹرسٹ کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا نیز زکوٰۃ کا صحیح مصرف بتاتے ہوئے کہا کہ زکوٰۃ دینے کا ایسا نظم ہونا چاہئے کہ زکوٰۃ لینے والا زکوٰۃ دینے کا اہل ہو جائے۔ آپ نے کہا کہ ہم کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلاتے ہوئے مستحق لوگوں کو زکوٰۃ دینے کے قابل بن جائیں۔ پروگرام کا آغاز مولانا امتیاز فلاحی کی تذکیرِ قرآن سے ہوا۔
جس میں آپ نے حضور ﷺ کے اسوۂ حسنہ کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی۔ ناظمِ جلسہ ضیاء الرحمٰن انصاری (پرنسپل رئیس ہائی اسکول و جونیر کالج، بھیونڈی) نے تمام مہمانوں کا مختصرمگر جامع تعارف پیش کیا اور ان کا استقبال کیا۔ موقع بہ موقع آپ نے غیر مسلم شعرا حضرات کے نعتیہ اشعار سے محفل میں ایک سماں باندھ دیا۔ اس کے بعد رئیس ہائی اسکول و جونیر کالج کی طالبات نے مسدس حالی سے ماخوذ نعتِ رسول ﷺ پیش کی جسے بہت پسند کیا گیا۔
فلاحِ عام ٹرسٹ، بھیونڈی کے سیکریٹری ڈاکٹر نثار مقری نے ٹرسٹ کی سماجی، تعلیمی اور طبی سرگرمیوں کا ذکر کیا اور سامعین کے گوش گزار کیا کی ایک ہی چھت کے نیچے ایکس رے اور سونو گرافی جیسے طبی آلات اور جدید لوازمات سے لیس کوئی بھی چیریٹیبل ادارہ شہر میں نہیں ہے۔ یہاں ہر قسم کی طبی جانچ مناسب چارج پر کی جاتی ہے اور مریضوں کی سہولتوں کا خیال رکھا جاتا ہے۔ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر عمران نے سماج میں پھیلی ہوئی فرسودہ رسومات کو ترک کرنے نیز محسنِ انسانیت حضورِ پاک ﷺ کی بعثت کے حوالے سے خدمت الناس کو فروغ دینے پر زور دیا۔
ڈاکٹر عبدالرؤف سمار نے بھیونڈی اور رئیس ہائی اسکول سے اپنی وابستگی کا تذکرہ کیا اور طالب علمی کے زمانے میں رئیس ہائی اسکول، بھیونڈی کے آل مہاراشٹر تقریری مقابلے کو یاد کیا جس میں آپ نہ صرف شریک ہوئے بلکہ اول انعام سے سرفراز بھی ہوئے اور یہیں سے آپ نے تقریر کا فن سیکھا۔ دورانِ خطاب آپ نے فلاحِ عام ٹرسٹ کی کارگزاریوں اور سرگرمیوں کو سراہا۔
امیرِ مقامی اور چیرمن فلا حِ عام ٹرسٹ، بھیونڈی مولانا اوصاف احمد فلاحی نے جماعتِ اسلامی کی مختلف تنظیموں,حلقہ خواتین,جی آیی او,راحٹ کو آپریٹیوکریڈٹ سوسائتی,مومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس(mpj),ایس آئی او ,اورآل انڈیا ائیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن (آؠیٹا )کا مختصر مگر جامع تعارف پیش کیا۔ ناظمِ جلسہ نے تمام مہمانان اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام پر پرتکلف دعوتِ طعام کا اہتمام کیا گیا۔
اس کے علاوہ ایک نمائش آراستہ کی گئی جس میں جماعتِ اسلامی ہند، بھیونڈی کی ذیلی تنظیموں کے اسٹال لگائے گئے تھے جن میں لوگوں کو ان تنظیموں کی کارکردگی سے واقف کرایا گیا۔ ذیلی تنظیموں سے وابستہ نوجوانوں اور ذمے داروں کی محنت اور خلوص کے نتیجے میں نمائش کامیاب رہی۔




