(اورنگ آباد ,راست)
خجستہ بنیاد اورنگ آباد سے وابستہ اردو ادب کےطلبہ کی ادبی انجمن'' اورنگ ادب '' جو نو مشق شعراء ونثر نگاران کی تربیت و ترویج کے مقصد کے تحت، معروف و کہنہ مشق ادباء و شعراءاور ناقدینِ ادب محترم اسلم مرزا ۔ ڈاکٹر رتکاز افضل اور مشہور فکشن نگار محترم نورالحسنین کے زیرِ سر پرستی سر گرمِ عمل ہے ۔ اسی سلسلہ کے تحت اورنگ ادب کے جانب سے ۲ اکتوبر ۲۰۲۲ ،بروز اتوار بوقت صبح ۱۱ بجے ۔بمقام عالمگیرہال ایک محفلِ نثر کا انعقاد عمل میں آ یا ۔ جس کی صدارت دوحہ قطر عالمی ایوارڈ یافتہ فکشن نگار نورالحسن نے فرمائی جبکہ مہمانانِ خصوصی کے حیثیت سےساہتہ اکاڈمی ایوارڈیافتہ ادیب و شاعر ایڈوکیٹ اسلم مرزا , ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر یو نیورسیٹی کے سابق ڈایریکٹر و معروف ادیب و نقاد ڈاکٹر ارتکاذ افضل ، ماہرِ تعلیم محترم احمد اقبال ،مولانا آزاد کالج سے وابستہ شعبہ اردو کے صدر ڈاکٹر قاضی نوید احمد موجود تھے ،
اس محفل کی خاص بات یہ تھی کہ اس محفل میں نئے قلمکاروں نے اپنی اپنی تخلیقات پیش کیں جن پر اساتذہ کرام محترم نورالحسنین نے افسانوں ، محترم سعید خان زیدی نے انشائیوں اور بابائے افسانچہ ڈاکٹر عظیم راہی نے افسانچوں پر برالترتیب تبصرے پیش کئے۔
محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سےہوا ، ابتدائی کلمات اورنگ ادب کے چیف سیکریٹری نوجوان شاعر و ادیب قاضی جاوید ندا نے ادا کئے جس میں انھوں نے اورنگ ادب کی اب تک کی کارگزاری و محفل نثر کی نوعیت حاضرین محفل کے روبرو پیش کیں۔ پروگرام کا پہلے سیشن انشائیوں کے نام رہا نوجوان انشائیہ نگار ابوالحسن نے انشائیہ '' ضربِ کلیم عقلِ سلیم '' سید فاروق احمد نے ''ملک عنبر کا خط فاروق احمد کے نام ''عتیق احمد عتیق نے ''ڈھلتا سورج ، محمد یاسر خان نے ''دوست ہوتا نہیں ہر ہاتھ ملانے والا'' اور سلیم احمد نے ''کرونا یودھا'' عنوان سے انشائیے پیش کئے ۔
ان انشائیوں پر تبصرہ فرماتے ہوئے معروف انشائیہ و طنز و مزاح نگار محترم سعید خان زیدی نے انتہائی کار آمد و سیر حاصل گفتگو کی ، نئے لکھنے والے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سعید خان زیدی نے ان تازہ کار قلمکاروں کے اسلوب ۔جملوں کی ساخت ۔ و پیشکش کی دل خوب تعریف کی ، ساتھ ہی ساتھ فنِ انشائیہ نگاری( بشمول طنز و مزاح )کے تعلق سے مختلف مثالوں کے زریعے کار آمد باتیں طلبہ کے گوشگزار کرتےہوئے مطالعہ و مشاہدے پر زور دینے کی ہدایت کی ۔
محفل کا دوسرے حصےمیں افسانچےپیش کئے گئے نواجوان ادیب و شاعر فاروق احمد نے اپنے افسانچے ،قاتل ، رکھوالے ، ہوس ، جھگڑا ، جاہل ، بلا عنوان ،قرض ،عمل پیش کرکے سامعین سے خووب داد و تحسین وصول کی تو قاضی جاوید ندا نے اس موقع پر فی البدیہہ افسانچہ ''رزق کی برکت '' پیش کرکے حاضرین محفل کو چونکا دیا ۔افسانچوں پر تبصرہ کرتے ہوئے بابائے افسانچہ ڈاکٹر عظیم راہی نے افسانچہ نگاری کے اختراع و ارتقاء پر روشنی ڈالتے ہوئے فنِ افسانچہ نگاری کے متعلق سیر حاصل گفتگو کی ساتھ ہی اس محفل میں نئے افسانچہ نگاروں کی تخلیقات سن کر افسانچہ نگاری کے مستقبل کو روشن بتایا انھوں نےکہا کہ افسانچہ نگاری ایک مشکل صنف ہے لیکن ان نئے افسانچہ نگاروں کو سن مجھے یقین ہوگیا کہ افسانچہ نگاری کے میدان میں بھی یہ نواجوان اپنا مقام بنالیں گے ۔ انھوں نے اپنے خطاب کے دوران اپنے اور کچھ سنیئر افسانچہ نگاروں کے افسانچے بھی پیش کئے۔
محفل کے تیسرے اور سب اہم حصے میں افسانے پیش کئے نوجوان افسانہ نگار ، شہباز زرین نے '' بدلتا ہے آسماں رنگ کیسےکیسے '' خان آفرین نے ''بابا '' صباتحسین نے ''چیخیں '' سلیم احمد نے '' سفر ابھی باقی یے '' محترم وجاہت قریشی نے '' الٹی ہو گیئں سب تدبیریں '' عنوان سے بہترین افسانے حاضرینِ محفل کے روبرو پیش کئے ۔
ان افسانوں پر تبصرہ پیش فرماتے ہوئے نورالحسنین نے افسانہ نگاری کے فن ،اس کے اجزائے ترکیبی، نشست و برخاست ، مختلف ٹیکنیکس، افسانوں کے موضوعات پر انتہائی کار آمد گفتگو کی ۔ مبتدی نثر نگاروں کی تخلیقات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئےنورالحسنین نے کہا کہ نئے لکھنے والوں کو سن کر مجھےاس بات کا یقین ہوگیا ہےکہ شاعری کی طرح ہی دنیائے ادب میں اورنگ آباد کے نئے نثرنگار بھی اپنا ایک منفرد مقام بنالیں گے ۔انھوں نے ان نئے لکھاریوں کی کاوشات کو کہانی ، زبان و بیان ۔ افسانوں کے کلائمکس اور دیگر فنی لوازمات کی کسوٹی پر پرکھتے ہوئے کامیاب کوشش بتاکر نئے لکھنے والوں کی تحریروں کو فنی صلاحیتوں کی سراہنا کی۔
اس کے بعد معروف نقاد و ادیب ڈاکٹر ارتکازافضل نے محفل سے خطاب فرماتے ہوئے نثر نگاری کے تعلق سے انتہائی اہم معلومات پیش کی ، انھوں نے کہا کہ افسانچہ ہو یا افسانہ یا کہانی یہ سب ایک بہت بڑی صنف سخن ' بیانیاں '' کے مختلف قسمیں ہیں انھوں نے بیانیاں کے فنی لوازمات ۔لطافتیں اور رموز پر بات کرتے کہا کہ کہانیاں ہمارے اطراف بکھری ہوی ہیں ۔ بس ضرورت ہے کہ ہمیں اپنے مشاہدے کو بہتربنانے کی اور جو کچھ مشاہدےمیں آئےاسے انگیز کرنے کی ۔
الفاظ کا سٹیک استعمال ۔ زماں و مکاں کے حساب سے کردار کی تخلیق اور کچھ منفرد کرنے کی ضد آپ کو ایک بہترین نثار بنا سکتی ہے انھوں نے اورنگ ادب کی کاوشات کو سراہتے ہوئے اراکین بزم کو مبارک باد پیش کی ۔محترم احمد اقبال ۔ ڈاکٹر قاضی نوید صدیقی اور محترم اسلم مرزا نے اپنے خطاب کے دوران نوجوان قملکاروں کی حوصلہ افزائی کرتےہوئے انھیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ۔
اپنے صدارتی خطبہ میں صدر محفل محترم نورالحسنین نے اورنگ ادب کے جملہ اراکین کو اس محفل کے کامیاب انعقاد پر مبارک دیتے ہوئے بزم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اور ادبی نشستوں کے ساتھ مختلف اصناف سخن پر گاہے بہ گاہے ورک شاپ منعقد کر نے کی ہدایت بھی کی اس سلسلہ میں تمام اساتذۂ ادب کی جانب سے ہر ممکن ادبی خدمات پیش کرنے کا یقین بھی دلایا ۔واضح ہوکے محترم اسلم مرزا اور محترم نورالحسنین خرابیٔ صحت کے باوجود تقریباً ۴ گھنٹے چلی اس محفل میں دکن کے اردو داب کے مستقبل کی تعمیری فکر کو لیکر پورے جوش و خروش کے ساتھ آخر تک شریک رہے ۔
اس کے علاوہ محب اردو محترم احمد خان ایم اے ، آفتاب فلم کے ڈائریکٹر محترم خالد احمد ، محترم عطاء اللہ شاہ ، ڈاکٹر اشفاق اقبال ، معروف شاعر ڈاکٹر نصرت حنفی ، سنیر انشائیہ نگار معز ہاشمی ، محترم فیض سبحانی (جالنہ ) ، زکی صدیقی ، ڈاکٹر غزالہ پروین، طیب ظفر ، جمال چشتی ، صحافی اظہرالدین ، فواد صدیقی ، وسیم راہی ، تفہیم راہی کے علاوہ اہلیان شہر اور عملی و ادبی اداروں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
نظامت کے فرائض بالترتیب نوجوان شعراء عمران رضوی اور سعد ملک نے بہ حسن خوبی انجام دئے ۔ نوجوان انشائیہ نگار محمد یاسر خان کے اظہارِ تشکرکے ساتھ اس باوقار محفلِ نثر کا اختتام عمل میں آیا۔
طالب دعا
احمداورنگ آبادی


