بلڈھانہ 29/دسمبر (شیخ سمیررضا)
:ضلع پریشد اردو اعلیٰ تحتانوی اسکول دیولگاؤں مہی ضلع بلڈانہ اپنی معیاری تعلیم کے لئے علاقہ بھر میں معروف ہے۔ اس اسکول میں محنتی و باصلاحیت اساتذہ کی جانب سے بچوں کی عمدہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
تعلیم و تربیت کے علاوہ اسکول میں
ہمہ اقسام کی ہم نصابی و غیرنصابی سرگرمیاں بھی انجام دی جاتی ہیں۔ مختلف مواقع کی مناسبت سے مختلف قومی و ثقافتی پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی کے طور پر ضلع پریشد اردو اعلیٰ تحتانوی اسکول دیولگاؤں مہی کی جانب سے کینٹین ڈے (کھری کمائی دن) کا اہتمام کیا گیا۔
طلبہ کو تجارت و کاروبار سے عملاً واقف کرانے، انہیں نفع و نقصان کے تصور سے روشناس کرانے نیز اپنے سرپرستوں کی گاڑھی کمائی کا احساس دلانے کے مقصد سے اس کینٹین ڈے کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر اسکول کے طلبہ نے کھانے پینے کی مختلف اشیاء کی دکانیں اسکول کے احاطے میں سجائی تھیں جبکہ دیگر طلبہ نے ان دکانوں سے خریداری کی۔ طلبہ کے علاوہ سرپرستوں، اہلیان دیولگاؤں مہی، تمام اساتذہ اور اسکول انتظامی کمیٹی کے ذمہ داران و اراکین نے بھی کینٹین ڈے کے موقع پر طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔
پڑوس کے مولانا آزاد ہائی اسکول کے طلبہ اورمعلمین و معلمات نے بھی وزٹ کی۔ اس موقع پر ضلع پریشد اردو اعلیٰ تحتانوی اسکول دیولگاؤں مہی کے صدر مدرس شیخ ضمیر رضا سر ، سینئر معلمین ریاض احمد سر، شیخ افسر سر ، شیخ امین سر ، سعیدہ باجی ،لحاظ احمد سر ،وسیم دیشمکھ سر اور عبدالرحمٰن سر نے نگرانی کی۔
اسکول انتظامی کمیٹی کے صدر شیخ علیم، نائب صدر شیخ فرید، اراکین سید سعید ،جنید قریشی، شیخ سرفراز ، شیخ انیس، شیخ حسین ، شیخ ذوالفقار ،ذوالفقار خان ،مظفر خان ، ماہر تعلیم شیخ سمیر اور گرام پنچایت ممبر شیخ عتیق و دیگر نے اسکول کا دورہ کرتے ہوئے طلبہ کی کاوشوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

