(پریس ریلیز)
سنن دارمی میں حضرت ابو قلابہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جو شخص قرآن پاک کے شروع (افتتاح) میں حاضر ہوا گویا کہ وہ اللہ کے راستے کی فتح میں حاضر ہوا. اور جو ختم قرآن کے وقت حاضر ہوا تو گویا کہ وہ تقسیم غنائم (مالِ غنیمت کی تقسیم) کے وقت حاضر ہوا. نیز تقریب ختم بخاری کے بارے میں بعض عارفین سے منقول ہے: اگر کسی مشکل میں بخاری شریف کو پڑھا جائے تو وہ حل ہو جاتی ہے. مشہور محدّث شیخ عبدالعزیز محدّث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: وقتِ شدّت، خوفِ دشمن، مرض کی سختی، قحط سالی، اور دیگر بلاؤں میں اس کتاب کا پڑھنا تریاق کا کام دیتا ہے ۔
اکثر اس کا تجربہ ہو چکا ہے. (بستان المحدثین، صفحہ ٢٧٤) حکیم الامّت حضرت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: بعدِ قرآن شریف صحیح تر کتاب بخاری شریف مانی گئی ہے. مصیبتوں میں ختمبخاری شریف کیا جاتا ہے، جس کی برکت اور اللہ رب العزت کے فضل سے مصیبتیں ٹل جاتی ہیں. (مرآۃ المناجیح، ١/١١ ملخصًا)
لہٰذا اس برکت کے حصول کے لیے آپ کے محبوب ادارے دارالعلوم اہلسنّت غوثِ اعظم، جامعہ اہلسنّت اُمّ حبیبہ للبنات، اور جامعہ خدیجہ حجّن للبنات کے مشترکہ ٢٢/ ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر مورخہ 4/ مارچ 2023ء بمطابق ١١ شعبان المعظم ١٤٤٤ھ بروز سنیچر صبح 10 بجے مسجد زیتون حجّن متصلًا مفتیٔ اعظم گراؤنڈ مالدہ شیوار، مالیگاؤں میں تکمیل حفظ قرآن کریم، ختم بخاری و افتتاح بخاری شریف کی بابرکت تقریب منعقد ہوگی۔
جسمیں ساداتِ کرام، مشائخینِ عظام بالخصوص آلِ رسول، شہزادۂ سرکار کلاں، پیر طریقت حضرت الحاج الشاہ سید محمد حسن اشرف اشرفی الجیلانی صاحب قبلہ (کچھوچھہ شریف) اور آلِ رسول، نبیرۂ محدّثِ اعظم ہند، حضرت علامہ و مولانا الحاج الشاہ سید ابوبکر شبلی میاں اشرفی الجیلانی صاحب قبلہ (کچھوچھہ شریف) کی خصوصی شرکت ہوگی.
الحاج حافظ ساجد حسین اشرفی صاحب قبلہ (خلیفۂ انوارالمشائخ، بانی و مہتمم دارالعلوم ھٰذا) کی نگرانی میں ہونے والی اس بابرکت تقریب میں 8 خوش نصیب طلباء ساداتِ کرام، مشائخینِ عظام، علمائے کرام و اساتذہ کرام کے روبرو قرآن کریم کی آخری سورتوں کی تلاوت کر کے زمرۂ حفاظ میں داخل ہوں گے. بعدہٗ 12 خوش نصیب طالبات، فاضل جلیل حضرت علامہ و مولانا مفتی واجد علی یارعلوی صاحب قبلہ (شیخ الحدیث جامعہ حنفیہ سنیہ، مالیگاؤں) کی زبانِ فیض ترجمان سے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس لے کر زمرۂ عالمہ و فاضلہ میں شمولیت اختیار کریں گی۔
اور 7 طالبات افتتاح بخاری شریف کی سعادت حاصل کریں گی. دعا کی قبولیت والی اس تقریب کے اخیر میں امت مسلمہ کی فلاح و بہبود، خصوصاً ترکی و شامی مسلمانوں کے تحفظ و بقاء نیز ان کی باز آبادکاری کے لیے شہزادگانِ مخدوم سمناں خصوصی دعا فرمائیں گے.
اسی روز 4/ مارچ 2023ء بروز سنیچر بعد نماز مغرب تا اختتام سٹیزن کامپلیکس خوش آمدپورہ میں ہونے والے جلسہ دستار حفظ قرآن و رداء فضیلت کے پُرشکوہ اسٹیج سے نبیرۂ محدّثِ اعظم ہند، حضرت علامہ و مولانا الشاہ سید ابوبکر شبلی میاں اشرفی الجیلانی صاحب قبلہ عوام الناس سے خصوصی خطاب فرمائیں گے. اس عظیم الشان اجلاس میں مشائخینِ عظام و معلمات اہلسنّت کے ہاتھوں فارغین کو دستار حفظ قرآن و رداء فضیلت سے نوازا جائے گا. لہٰذا عوام الناس سے کثیر تعداد میں شرکت کی درخواست ہے.
خواتین کے لیے پردے کا نظم رہے گا.
المعلن: حافظ ندیم انجم چشتی
مدرس دارالعلوم اہلسنّت غوثِ اعظم مالدہ شیوار، مالیگاؤں
