زمینی نقشہ پر گلیاں اور سڑکیں کافی کشادہ ہوتی ہیں لیکن اُن کشادہ گلیوں اور سڑکوں کو پیچیدہ اور تنگ رو ہم لوگ ہی بناتے ہیں جب کہ یہ نہیں ہونا چاہئے۔کیوں کہ راستوں کا استعمال ہم ہی لوگوں کو کرنا ہوتا ہے تکلیف ہم لوگوں کو اور ہمارے چھوٹے بچوں کو،ایمرجنسی مریضوں کو نیز راہگیروں کو ہوتی ہے۔
ہر بار تجاوزات صاف کرنے والا دستہ آتا ہے راستوں کو صاف کرکے جاتا ہے لیکن لوگ ہیں کہ دوبارہ ان پر اتی کرمن کرکے لوگوں کو تکلیف میں مبتلا کرتے ہیں۔اتی کرمن کی اصل وجہ جس کا میں نے تجزیہ اور مشاہدہ کیا ہے وہ یہ ہے کہ گلیوں اور سڑکوں کے درمیان یا دونوں کناروں سے چار پانچ فٹ کی دوری پر لگے ہوئے الیکٹرک پول(پاور کے کھمبے)،ٹرانسفارمر کھمبے اور درخت ہیں۔کچھ اس کے علاوہ بھی اتی کرمن کرنے والے ہوں گے جو یوں ہی تجاوزات کرلیتے ہیں۔
لیکن آپ جائزہ لے لیں جہاں بھی اتی کرمن نظر آئے گا اُس کی شروعات الیکٹرک پول،ٹرانسفارمر کھمبے یا درخت کے پاس سے ہی ہوتی ہے۔اِس لیے کہ اکثر جگہوں پر الیکٹرک پول سڑکوں کے درمیان میں یا پھر گلیوں کے کنارے چار پانچ فٹ دوری پر بے ترتیب لگے ہوئے ہیں۔جس کی وجہ سے لوگوں کو تجاوزات اور قبضہ جات کرنے کا بھر پور موقع مل جاتا ہے۔
اور پھر بڑھتے بڑھتے تربوزہ کو دیکھ کر خربوز بھی رنگ بدلتا ہے اور ایک کے بعد دوسرا دوسرے کے بعد تیسرا اِس طرح پوری گلی اور سڑک پر اتی کرمن کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ دراز ہوجاتا ہے۔اگر کسی نے پاور سپلائی کھمبے یا درمیان میں لگے درخت کے بازو سے اتی کرمن کیا تو اُس اتی کرمن کرنے والے کو کون بول سکتا ہے کہ تو نے غلط کیا ہے یا ہمیں تکلیف ہورہی ہے کیوں کہ اُس جگہ کا عوامی استعمال ہی نہیں ہے۔بعض مقامات پر ٹیلی فون کے کھمبے ابھی تک لگے ہوئے ہیں سیل فون اور اسمارٹ فون کے اِس دور میں ٹیلی فون کے کھمبوں کا باقی رہنا چہ معنی دارد؟اب مجھے یہ نہیں پتہ کہ کھمبے لگانے اور نکالنے کا کام کس کا ہے بجلی کمپنی کا یا پھر کارپوریشن کا؟لیکن اتنا پتہ کہ الیکٹرک پول گلی اور سڑکوں کے کنارے ترتیب سے ہوجائیں تو گلیوں اور سڑکوں سے تجاوزات ختم ہوکر کشادہ ہوجائیں گی اور پھر دوبارہ قبضہ جات والے بھی ناجائز قبضہ کرنے کی ہمت نہ کرسکیں گے۔
آج بھی رمضان پورہ کے جن علاقوں میں سڑکوں کا کام ہورہا ہے تعمیری کوالیٹی جیسی بھی ہو لیکن قبضہ جات سے متعلق حالات جاکر دیکھ لیں۔دیکھنے کے بعد یوں لگتا ہے کہ بس نام کے لیے بے ترتیب سڑک تیار ہورہی ہے تعمیر سڑک کے اصول و ضوابط سے کوئی واسطہ نہیں اِس کی وجہ اتی کرمن ہی ہے۔حالانکہ علاقہ کے ساکنین کا بھی کام ہے کہ وہ خود اپنے گھر کے سامنے کا اتی کرمن(پانی ٹنکی،نہانی،بغیر استعمال کے سامان)سڑک کی تعمیر کے لیے صاف کرکے دے دیں تاکہ سڑک مکمل طریقے سے درست بن سکے۔
مگر پتہ نہیں ہمیں بھی کیا ہوگیا ہے ہم سسٹم میں آنا نہیں چاہتے اور ڈھنڈورا پیٹے ہیں تعصب کا!بہر حال اتی کرمن کی اصل وجہ الیکٹرک پول،ٹیلی فون کے کھمبے،ٹرانسفارمر پول اور راستوں کے بیچ کے درخت ہیں۔
