کھام گاؤں:28/اگست (واثق نوید) کعبہ کا طواف اور روضہ مبارک کی زیارت دنیا کے ہر مسلم کی خواہش ہے ۔ جیسے اکثر وہ اپنی مالی کمی کے وجہ سے پورا نہیں کر پاتے ہیں ۔ انہیں لوگوں کے لئے کھام گاؤں تعلقہ کے لاکھنواڑہ قصبہ کے چند نوجوانوں نے پورا کرنے کے لیے ایک انوکھی اسکیم شروع کی جس سے ابھی تک اس چھوٹے سے قصبے کے تقریبا 62 افراد عمرے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں ۔ ان نوجوانوں کی یہ بی سی اسکیم قابل ستائش و قابل تقلید بھی ہے ۔
اس ضمن میں ملی تفصیل کے مطابق آج سے چند سال قبل لاکھنواڑہ کی سر زمین پر بستی کے فعال معلم یونس سر اور ان کے رفقاء کار بالخصوص شیخ صادق، شیخ سلیم،عبدالرحیم، ارشاد سر، عادل خان،اعجاز سر، شیخ صدر ،ہارون سر،ابرار سر،توصیف الدین نے، بستی سے ہر عام و خاص مرد و زن عمرہ کی سعادت سے سرفراز ہوجائے اس مقصد کو لےکر بستی کے ذمہ داران سے مشاورت کے بعد خواہش مند حضرات کا ایک بی سی گروپ تیار کیا تھا۔
گروپ کے اراکین دو سو روپے ہفتہ جمع کرتے تھے اس طرح سے کم و بیش تین سال تک یہ رقم جمع کی گئی۔خاصی رقم جمع ہوجانے کے بعد گروپ اور گروپ سے باہر کے 34 افراد پر مشتمل ایک قافلہ بتاریخ 10 اگست کو مکہ مدینہ کے سفر پر عمرہ کی سعادت سےسرفراز ہونے کے لیے روانہ چکا تھا۔اپنے طےشدہ شیڈول کے مطابق یہ گروپ عمرہ کی سعادت سے سرفراز ہونے کے بعد صحیح و سالم واپس آگیا ۔
یہ وحدہ لاشریک کا بےانتہا احسان عظیم ہےکہ چند برس پہلے لگایا گیا یہ پودا آج اک بڑا درخت بنتا جا رہا ہے۔ان34 افراد میں ایسے احباب بھی شامل تھے جو شاید ہی کبھی عمرہ کی سعادت سے سرفراز ہوپاتے مگر الفلاح بی سی گروپ کے ذریعے اللہ سبحان و تعالٰی نے ان کو اپنے اور اپنے حبیب کے گھر کی زیارت سے مالامال و شرف یاب کردیا۔ یہ اللہ رب العزت کا بہت بڑا احسان ہے۔
اسی طرح الفلاح عمرہ بی سی گروپ لاکھنواڑہ کا28 احباب پر مشتمل دوسرا قافلہ بتاریخ 23 اگست کو عمرہ کی سعادت سے شرف یاب ہونے کے لئے ممبئی سے مکہ و مدینہ کی طرف روانہ ہو چکا ہے۔
اللہ سبحان و تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ ان احباب کو عمرہ کے تمام ارکان ادا کر نے کے لئے قوت و توانائی عطا فرمائیں۔مدینہ کی گلیوں میں زندگی کی تمام تر نعمتوں سے مالامال فرمائے۔جس طرح اس گروپ کی چھوٹی سی کوشش سے اب تک 62 افراد عمرہ کی سعادت سے سرفراز ہو چکے ہیں رب العالمین اسی طرح ہر مومن کو اس کے اور اس کے رسول کے گھر کی حاضری نصیب فرمائیں۔آمین ثم آمین۔




