الجامعتہ الزہرہ اظہار العلوم کے زیر اہتمام جاری مدرسہ اہل سنت شفاعتہ القرآن میں آج 6 اگست 2023 صبح ساڑھے نو بجے حاضر ہونے اور یہاں کے تعلیمی نظام کو دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا ، دس نوجوان اور حوصلہ مند مدرسین کی ایک فعال جماعت کے ساتھ حافظ غفران اشرفی صاحب اس مدرسے کو تعلیمی اعتبار سے بلندی پر لے جانے کی کامیاب کوشش کر رہے ہیں ، جسے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ، طلبا کی کثرت ہے ، جو باعث سکون و اطمینان ہے ،اس مدرسے میں نوری قاعدے کو بطور نصاب شامل کیا گیا ہے ، مدرسے کے تعلیمی نظام کا خاکہ کچھ اس طرح ہے ، پہلی کلاس میں تختی نمبر ایک سے چھ تک کی مشق کروائی جاتی ہے، اس میں حروف اور حرکات کی پہچان کروائی جاتی ہے ، دوم کلاس میں مخارج کے ساتھ مکمل نوری قاعدہ پڑھایا جاتا ہے جب کہ سوم کلاس میں پہلے قاعدے سے پندرہویں قاعدے تک اجرا کے ساتھ پڑھائی ہوتی ہے ، سوم جماعت بی میں 16 سے 25 تختی اجرا قاعدے کے ساتھ ختم کروائی جاتی ہے ، اس کے بعد ٹیسٹ لیا جاتا ہے ، جب طلبا اس ٹیسٹ میں کامیاب ہوتے ہیں تب انہیں چہارم جماعت میں داخلہ دیا جاتا ہے ، جماعت چہارم میں عم پارہ مع اجرا و قواعد کے ساتھ پڑھایا جاتا ہے ، عم پارہ ختم ہونے کے بعد پھر زبانی ٹیسٹ لیا جاتا ہے ، اس میں کا میابی کے بعد طلبا کو پنجم جماعت میں داخل کیا جاتا ہے ، پنجم جماعت میں قرآن کریم اجرا، قاعدے اور تجوید کے ساتھ پڑھایا جاتا ہے .......
ناظرہ قرآن کی تکمیل کے بعد ٹیسٹ لیا جاتا ہے جس میں کامیابی کے بعد حفظ کلاس میں بچو ں کو بٹھایا جاتا ہے ، حفظ پختہ ہو، اس لیے یہ یہ شرط رکھی گئی ہے کہ کسی بھی طالب علم کو اس وقت تک دوسرے پارے کے حفظ کے لیے سبق نہیں دیا جائے گا جب تک کہ وہ اپنے حفظ کردہ پارے کو ایک نششت میں اپنے استاد کو نہیں سناتا، ایک سے پانچ پاروں کا حفظ اسی انداز میں مکمل کیا جاتا ہے .......
اس مدرسے میں ہر ماہ ہر کلاس کے بچوں کا ٹیسٹ مدرسین کے ذریعے لیا جاتا ہے، لانگ بک میں بچوں کی غلطیوں کا اندراج بھی باقاعدگی کے ساتھ کیا جاتا ہے اور دوسرے ماہ کے ٹسٹ میں اس بات کو چیک کیا جاتا ہے کہ طلبا نے اپنی غلطیوں کی اصلاح کی یا نہیں ......؟
اس بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ مدرسے کا تعلیمی نظام جاری ہے ، مذکورہ تمام مراحل سے گزر کر بچوں کی ایک کلاس پچیسویں پارے تک پہنچ چکی ہے ، امید ہے ان شاء اللہ اس کلاس کے طلبا امسال تکمیل حفظ قرآن کی سعادت حاصل کریں گے ....... ،
مجھے بتایا کہ دو سال قبل جب یہ مدرسہ جاری ہوا تو طلبا کی تعداد کم تھی لیکن تعلیمی نظام کو دیکھ کر طلبا بڑھتے گئے اس وقت تین سو سے زائد طلبا مدرسے میں زیر تعلیم ہیں ،
دو شفٹ میں مدرسہ جاری ہے ، صبح کی شفٹ ساڑھے آٹھ سے گیارہ اور دوپہر کی شفٹ ڈھائی بجے سے پانچ بجے تک ہے ........ ،
ہر سال امام اہل سنت سیدنا اعلی حضرت امام احمد رضا خاں بریلوی علیہ الرحمہ کے عرس کے موقع پر بچوں کی ذہنی آزمائش کا ٹیسٹ لیا جاتا ہے ، جس کے تحت اسلامی معلومات اور قرآن کریم کے متعلق پوچھے گئے سوالات کے صحیح جوابات کو ممکنہ جوابات میں سے نشان زد کرنا ہوتا ہے، اس ٹیسٹ کی پیشگی تیاری پہلے سے کروائی جاتی ہے .......
مدرسے کا تعلیمی نظام متاثر کن ہے جو اس کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ، میری نیک خواہشات طلبا و مدرسین کے لیے ہیں ،
اللہ پاک اپنے پیارے حبیب ، حضور سید عالم مصطفٰی جان رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقے و طفیل ان خدمات کو شرف قبولیت عطا کرے ، اور ہم سب کو اسلام و سنیت اور مسلک اعلی حضرت پر ثابت قدمی عطا فرمائے ،
آمین .....