مال خرچ کرنا رضائے الٰہی اور جنت حاصل کرنے کا سبب ہے..... زکوٰۃ، حج، صدقہ،غرباء وفقرا اور مساکین کی امداد واعانت مال کثیر کے ذریعے ہی کی جاتی ہیں .....اور کبھی کبھی یہی مال اللہ تعالی کے غضب اور جہنم میں جانے کا سبب بن جاتا ہے...
مال کی طلب میں مال غلط طریقوں سے حاصل کرنے کا رواج عام ہو چکا ہے... کیا جائز ہے اور کیا ناجائز پتہ ہی نہیں ہے... پر مال برابر لیا اور دیا جا رہا ہے... شوق سے لوگ کہتے ہیں.... اتنا زیادہ لیا اتنا زیادہ ملا.... اللہ نے بیع خرید وفروخت کو حلال کیا ہے اور سود کو حرام......
یاد رکھیں..... بارش نہ ہونے کی وجوہات میں سے سود بھی ہے.... مسلم آبادی والے اکثریتی شہر میں سودی لین دین کا زور اتنا ہے کہ ہر دوسرا شخص الا ما شا اللہ اس میں ملوث نظر آ رہا ہے .... دس ہزار دے کر گیارہ ہزار لینا ...... ایک لاکھ قرض دے کر اس پر زائد پیسہ لینا ..... یہی تو سودہے.. حرام ہے ..... حرام لقمہ اتنا منہ لگ گیا ہے کہ حلال کی طرف توجہ ہی نہیں رہی.....
سفید پوش افراد، صاحب ریش، حاجی صاحب، صف اول کے نمازی حضرات سود دینے لینے میں لگے ہوئے ہیں.. دین دار طبقے کو بھی گندگی اور غلاظت منہ لگ گئی ہے... الامان والحفیظ
ہر سال حج، رمضان میں عمرہ اور سودی کاروبار یہ ہے ہمارے شہر کے افراد کا حال... اللہ اکبر...... حلال رزق حاصل کرنا فرض ہے سودی لین دین نہیں... سود خور کا ایمان مرتے دم چھین لیا جاتا ہے.....سوچو تو ذرا آج حرام کما کر، حرام کھا کر اپنے کمرے میں سکون نہیں تو قبر میں کیسے سکون ہو گا.....
المختصر سود کو سمجھیں... سود کو حرام قرار دیا گیا اس کی حکمتیں پڑھیں...
سود کو عربی زبان میں ربا کہتے ہیں۔ ربا سے مراد معینہ مدت کے قرض پہ وہ اضافہ ہے جس کا مطالبہ قرض خواہ مقروض سے کرتا ہے اور یہ شرح پہلے سے طے شدہ ہوتی ہے...
لغت میں ربا کا معنی زیادتی‘ بڑھوتری اور بلندی ہے۔ ابو القاسم الحسین بن محمد اصفہانی کہتے ہیں.. اصل مال پر زیادتی کو ربا کہتے ہیں لیکن شریعت میں ہر زیادتی کو ربا نہیں کہتے بلکہ وہ زیادتی جو مشروط ہو، سود ہے، شرط کے بغیر اگر مقروض ، دائن کو خوشی سے کچھ زائد مال دے تو جائز ہے سود نہیں۔
(أصفهاني، المفردات في غریب القرآن، 1: 187)
سود کو حرام فرمانے میں بہت سی حکمتیں ہیں، ان میں سے بعض یہ ہیں کہ سود میں جو زیادتی لی جاتی ہے وہ مالی معاوضے والی چیزوں میں بغیر کسی عوض کے مال لیا جاتا ہے اور یہ صریح ناانصافی ہے۔
سود کی حرمت میں دوسری حکمت یہ ہے کہ سود کا رواج تجارتوں کو خراب کرتا ہے کہ سود خور کو بے محنت مال کا حاصل ہونا، تجارت کی مشقتوں اور خطروں سے کہیں زیادہ آسان معلوم ہوتا ہے اور تجارتوں کی کمی انسانی معاشرت کو ضرر پہنچاتی ہے۔
تیسری حکمت یہ ہے کہ سود کے رواج سے باہمی محبت کے سلوک کو نقصان پہنچتا ہے کہ جب آدمی سود کا عادی ہوا تو وہ کسی کو قرض حَسن سے امداد پہنچانا گوارا نہیں کرتا۔
چوتھی حکمت یہ ہے کہ سود سے انسان کی طبیعت میں درندوں سے زیادہ بے رحمی پیدا ہوتی ہے اور سود خور اپنے مقروض کی تباہی و بربادی کا خواہش مند رہتا ہے۔
اس کے علاوہ بھی سود میں اور بڑے بڑے نقصان ہیں اور شریعت کی سود سے ممانعت عین حکمت ہے۔
مسلم شریف کی حدیث میں ہے کہ رسول کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے سود دینے والے، لینے والے، اس کے کاغذات تیار کرنے والے اور اس کے گواہوں پر لعنت فرمائی اور فرمایا کہ وہ سب گناہ میں برابر ہیں۔
(مسلم،کتاب المساقاۃ والمزارعۃ، باب لعن آکل الربا ومؤکلہ، ص۸۶۲، الحدیث:۱۰۶ (۱۵۹۸)
سود خور قیامت میں ایسے مَخبوطُ الحَواس ہوں گے اور ایسے گرتے پڑتے کھڑے ہوں گے، جیسے دنیا میں وہ شخص جس پر بھوت سوار ہو کیونکہ سود خور دنیا میں لوگوں کے لئے بھوت بنا ہوا تھا۔
آج کل سودی قرضہ لینے دینے کا ابتدائی انداز تو بڑا مُہَذّب ہوتا ہے۔ اچھے اچھے ناموں سے اور خوش کُن ترغیبات سے دیا جاتا ہے لیکن کچھ ہی عرصے بعد قرض دینے والوں کی خوش اخلاقی، ملنساری اور چہرے کی مسکراہٹ سب رخصت ہوجاتی ہے اور اصل چہرہ بے نقاب ہوجاتا ہے جو گالیاں دے رہا ہوتا ہے، غنڈے بھیج رہا ہوتا ہے، گھر کے باہر کھڑے ہو کر ذلیل و رسوا کررہا ہوتا ہے، دکان، مکان، فیکٹری سب پر قبضہ کرکے فقیر و کنگال اور محتاج و قَلّاش کرکے بے گھر اور بے زر کر رہا ہوتا ہے۔
razamarkazi@gmail.com


