ہم سلطان سبحانی صاحب (مرحوم) کی دوسری برسی پر تہہ دل سے خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہیں،
اللہ پاک ان کی مغفرت کاملہ عطا فرمائیں اور اعلیٰ درجات سے سرفراز کریں. آمین
یہ کائنات مکمل اُداس ہے پاپا
زمیں اداس فلک بھی اداس ہے پاپا
تمہارے بعد کبھی تتلیاں نہیں دیکھی
تمہارے بعد کی دنیا اداس ہے پاپا
جو مجھ سے روز کبھی چھت پہ ملنے آتی تھی
وہ خوش لباس پری بھی اُداس ہے پاپا
اداس شام کے گہرے مہیب سناٹے
سفر کا زرد ستارہ اداس ہے پاپا
جہاں پہ انگلی پکڑ کر تمہاری چلتی تھی
وہ نرم گھاس کا خطہ اداس ہے پاپا
وہ ساری پیاری کہانی کہ جن میں بستی تھی
ہماری جان وہ دنیا اداس ہے پاپا
مری کتابیں کھلونے مرے وہ بھالو، شیر
مری سہیلی تھی گڑیا اداس ہے پاپا
مرے وہ جھمکے وہ چوڑی وہ ست رنگی پایل
مرے ڈوپٹے کی جھالر اداس ہے پاپا
مرے وہ طوطے وہ بلی وہ ہاتھی لکڑی کے
وہ چم چماتی سی موٹر اداس ہے پاپا
مرے باغیچے کے سب پھول آج کل چُپ ہیں
ہوا کو دیکھو نا پاپا اداس ہے پاپا
میری ریاضی کی کاپی کہ جس میں لکھاہے
ہمارا نام وہ صفحہ اداس ہے پاپا
تمہارے ہاتھ سے رکھی تھی گھر کی بنیادیں
اجڑتے گھر کی یہ دہلیز اداس ہے پاپا
وہ سارے رشتے پُروۓ تھے کتنی چاہت سے
وہ ساری کڑیوں کی بندش اداس ہے پاپا
وہ غزلیں لکھ کے کسی پیاری دھن میں دوہرانا
تمام شعر کی تقطیع اداس ہے پاپا
وہ چیکو، آم کے پیڑوں کو دیکھنا ہنس کے
لِلی، گلاب کا پودا اداس ہے پاپا
دعائیں دے کے وہ شفقت سے ہاتھ رکھ دینا
جھکا ہے اب بھی مرا سر اداس ہے پاپا
تمہارے بعد کبھی زندگی ملی ہی نہیں
تمہارے بعد شگفتہ اُداس ہے پاپا
▪️▪️▪️



