کھام گاؤں:25/اگست (واثق نوید) ، گزشتہ ایک سال سے ملک عزیز ہندوستان کے طول و عرض میں آزادی کا امرت مہوتسو منایا جارہا ہے اور مختلف حب الوطنی کے پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ اسی سلسلے میں 'میری مٹی میرا دیش' مہم کے تحت ریوابین منوہر بھائی پٹیل کالج، بھنڈارا کی جانب سے قومی سطح پر حب الوطنی پر مبنی نظموں اور گیتوں کا مقابلہ منعقد کیا گیا تھا ۔
اس مقابلے میں ہندوستان بھر سے منتخب شعراء نے حصہ لیا۔ اس مقابلے کے لیے تین مختلف کیٹگریز متعین کی گئی تھیں جو ہندی، انگریزی اور مراٹھی پر مشتمل تھیں ۔ حال ہی میں اس مقابلے کے نتائج کا اعلان کیا گیا ۔
اردو، ہندی، انگریزی اور فارسی کے معروف شاعر اور ادیب خان حسنین عاقب کی ہندی نظم بعنوان ' سنو ترنگا بول رہا ہے' کو ہندی زبان کے زمرے میں حب الوطنی پر مبنی بہترین اور معیاری شاعری کے لیے قومی سطح پر پہلا انعام دیا گیا۔
خان حسنین عاقب پوسد کے جی۔ این ۔ آزاد کالج میں سینئر معلم کے طور پر برسرملازمت ہیں ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حسنین عاقب کئی کتابوں کے مصنف ہیں اور ملک و بیرون ملک ان کی ادبی شناخت مستحکم ہے ۔ عالمی سطح پر بھی ان کا نام معروف ہے ۔ ان کی نمایاں ادبی خدمات پر اب تک تین کتابیں لکھی جاچکی ہیں۔ اس مقابلے میں دوسرے جیتنے والے شعراء میں انگریزی نظم کے زمرے میں ڈاکٹر پرسیکا جوزف کوٹس کو اور ڈاکٹر آرتی دیشپانڈے کو مراٹھی کے لیے پہلا انعام حاصل ہوا ۔
اکولہ ضلع پریشد اردو اسکول کی معلمہ ثریا نجیب کو انگریزی کے لیے دوسرا اور سرشٹی مشرا کو ہندی کے لیے دوسرا انعام ملا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جناب خان حسنین عاقب اردو، ہندی، مراٹھی، انگریزی اور فارسی زبانوں سے بخوبی واقف ہیں اور ان زبانوں میں ادب تخلیق کرتے ہیں۔ وہ ایک ماہر مترجم کے طور پر بھی ملک و بیرون ملک اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں ۔ ترجمے کے حوالے سے ان کی وضع کردہ اصطلاح 'معکوس ترجمہ نگاری' بھی ان دنوں برصغیر کے ادبی حلقوں میں تحقیق اور ادبی مباحث کا موضوع بنی ہوئی ہے ۔ اس طرح کی کامیابیوں سے حسنین عاقب جیسی شخصیت کا قد تو بلند نہیں ہوتا البتہ غیر اردو حلقوں میں کسی اردو والے کو یہ اعزاز ملتا دیکھ کر دنیا بھر کے عاشقان اردو کا سر فخر سے ضرور اونچا ہوجاتا ہے ۔
قارئین کے لیے ہندی نظم پیش خدمت ہے ۔۔
سُنو تِرنگا بول رہا ہے
میرے پیارے بھارت واسی
آزادی ہے پوتر کاسی
سوچ نہ کچھ، کر دوُر اُداسی
یہ ہے تیری ماں اور ماسی
بھید دِلوں کے کھول رہا ہے
سُنو، تِرنگا بول رہا ہے
اللہ بولو، بولو اِشوَر
راج اُسی کا سب کے دِلوں پر
مسجِد، مندِر یا گُرُدوارا
ایک خُدا کو سب نے پُکارا
زباں پہ یہ سچ رول رہا ہے
سُنو، ترنگا بول رہا ہے
گلی گلی اور چپہ چپہ
آکر گھوما ابنِ بطوطہ
وشال بھارت دیکھ کے بولا
سَو دیشوں میں دیش یہ اچھا
اتیت بھی انمول رہا ہے
سُنو، تِرنگا بول رہا ہے
لئے خوشی کے جلوے گھر گھر
اک دوجے کے دلوں میں رہ کر
دھرم بھی ہے اک وشال ساگر
اِس سے بھرو شردھا کی گاگر
کِتنا بدل ماحول رہا ہے
سُنو، تِرنگا بول رہا ہے
دیش تھا اپنا سونے کا پنچھی
پھر سے کرے گا خوب پرگتی
اب وہ پہلے والا پنچھی
اب وہی پہلے والا ساتھی
اُڑنے کو پَر تول رہا ہے
سُنو، تِرنگا بول رہا ہے
(خان حسنین عاقب)




