(پونے) آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن (آئیٹا) پونے یونٹ کے زیر اہتمام گذشتہ دنوں اسمبلی ہال، اعظم کیمپس پونے میں منعقدہ سیمینار بعنوان "نئی تعلیمی پالیسی و نیشنل کریکولم فریم ورک" میں اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے سید تنویر احمدصاحب (ڈائریکٹر ہالسٹک ایجوکیشن بورڈ، جماعت اسلامی ہند، نئی دہلی) نے کہا کہ، "ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے دنیا کے تمام شعبوں میں انقلابی تبدیلی برپا کی ہے اور تعلیمی شعبہ بھی اس میں شامل ہے۔ موجودہ دور میں تعلیم کے اجتماعی تصور کو عام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے بالخصوص شعوراور ذہانت کی افزائش۔ تعلیم کے حصول میں آپ نے طلبہ کو انگیز کرنا، تعلیم کا عملی اطلاق، حاصل شدہ علم کا تجزیہ و تحقیق، قدر پیمائی اور تخلیقیت کے مرحلوں کی وضاحت کی۔
شخصیت سازی اور والدین و بچوں کے درمیان روابط پر سوچ میں تبدیلی جیسے عوامل کی نشاندہی کی۔ موصوف نے نئی تعلیمی پالیسی کے حوالے سے تیار کیے جارہے نیشنل کریکولم فریم ورک میں متعارف کرائی گئی اقدار کی تعلیم، مادری زبان میں تعلیم کی اہمیت، مجموعی رویہ میں خاطر خواہ تبدیلی کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کی کوششوں کا بھی تذکرہ کیا۔ اپنی طویل گفتگو میں موصوف نے نئی قومی تعلیمی پالیسی کے مختلف نکات اور نیشنل کریکولم فریم ورک پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پروگرام کی صدارت سید شریف صاحب (ریاستی صدر آئیٹا مہاراشٹر) نے فرمائی۔ آپ نے صدارتی خطبہ میں بالخصوص اساتذہ کو اپنے علم میں مسلسل اضافہ اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے مختلف نصابی و غیر نصابی طریقوں کو اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ آئیٹا کی مختلف سرگرمیوں کے حوالے سے آپ نے استذہ سے درخواست کی ہے یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس سے جڑ کر اساتذہ اپنی صلاحیتوں میں نکھار اور اپنے تجربات کو دوسروں سے بانٹ سکتے ہیں جس کا مجموعی فائدہ کمیونٹی کو ملےگا۔ پروگرام کا آغاز پروفیسر حافظ غلام احمد کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
تعارفی کلمات ادا کرتے ہوئے مومن فہیم احمد عبدالباری (نیشنل میڈیا کنوینر آئیٹا) نے تعلیم کے ساتھ تربیت اور مثبت سوچ کی اہمیت پر گفتگو کی۔ آئیٹا کی مختلف سرگرمیوں اور آئندہ کے منصوبوں بالخصوص قومی تعلیمی مہم کا مختصراً تذکرہ کیا۔ جس کے تحت پورے ملک میں آئیٹا تعلیمی موضوعات پر اپنی سرگرمیاں انجام دے گی۔ توصیف پرویز صاحب (ایس سی ای آرٹی، مہاراشٹر) نے اس موقع پر نئی تعلیمی پالیسی کے تحت اسکولی نظام میں ہونے والی تبدیلیوں سے سامعین کو روشناس کرایا اور تعلیم کی مختلف جہتوں پر روشنی ڈالی۔ سوال و جواب کے سیشن میں حاضرین نے اہم تعلیمی سوالات پوچھے جس کا مقررین نے خاطر خواہ جواب دیا۔
خالد پٹیل صاحب (صدر آئیٹاپونے یونٹ) نے ہدیہ تشکر ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سید جاوید صاحب (کنوینر) نے انجام دیے۔سیمینار کے اختتام پر تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ (آئیٹا میڈیا سیل)




