ممبئی ۔22؍ اپریل 2024 ( پریس ریلیز ) شہر ممبئی کی معروف و مشہور شخصیت جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری اور مدرسہ تعلیم القرآن کینا مارکیٹ گو ونڈی کے مہتمم حضرت مولانا محمد ذاکر قاسمی نور اللہ مرقدہ کی وفات حسرت یات پر کل گذشتہ مدرسہ تعلیم القرآن مسجد کینا مار کیٹ دیو نار گوونڈی ممبئی میں ایک تعزیتی اجلاس بصدارت مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر ) منعقد ہوا ،
جس میں مہمان خصوصی حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب مدظلہ العالی ( صدر جمعیۃ علماء ہند )مولانا محمد عرفان قاسمی صاحب( مبلغ دار العلوم دیو بند) اور دیگر موقر علماء کرام نے شرکت فر مائی ، اجلاس کا آغاز مولانا محمدزاہد قاسمی صاحب کی تلاوت قرآن کریم اور مفتی شرف الدین قاسمی صاحب کے نعتیہ کلام سے ہوا ،
بعدہ مولانا مفتی سید حذیفہ قاسمی صاحب ( ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہا راشٹر ) نے اپنے قلبی تاثرات اور رنج و غم کے جذبات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مولانا ذاکر قاسمی نوراللہ مرقدہ کے خانوادے اور پوری ملت اسلامیہ کے لئے ایک حادثہ فاجعہ ہے۔ انتہائی نامساعد اور سخت ترین حالات میں ان کی رحلت سے ہم سب غم زدہ ہیں، ان کی وفات سے ملت کا زبردست نقصان ہے اللہ اہل خانہ کو صبر جمیل عطاء فر مائے اور نعم البدل عطاء فر مائے ۔
اس موقع پر حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب( صدر جمعیۃ علماء ہند) نے مولانا محمد ذاکر قاسمی رحمۃ اللہ کی وفات پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملی زندگی میں عملی ،تعلیمی ،انفرادی ،سماجی لحاظ سےکچھ شخصیتیں ایسی ہوتی ہیں جو اپنی نشانیاں چھوڑ جاتی ہیں انہی میں سے ہمارے ایک قیمتی ساتھی مولانا مرحوم رحمۃ اللہ بھی تھے ۔ مجھے ملک بھر میں واقع تمام ریاستی جمعیۃ علماء کی یونٹوں کے نظماء اعلی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا لیکن اتنی سادگی میں نے کسی کے اندر نہیں دیکھی ، اللہ نے انہیں بے شمار خوبیوں اورصلاحیتوں سے نوازہ تھا اس کے باوجود وہ سب کے سامنے چھوٹے بنکر رہتے تھے ، مولانا ذاکر ؒتواضع، انکساری ،نہایت خلوص، بے غرضی سے تمام عمر دین کی خدمت میں بسر کی،اللہ تعالیٰ ان کے درجات کو بلند فرمائے اور ہم سب کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائےآمین۔
مہمان مقرر حضرت مولانا محمد عرفان قاسمی صاحب مبلغ دار العلوم دیو بند نے قرآن و حدیث کی روشنی میں مولانا ذاکر قاسمی رحمۃ اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ مولانا مرحوم کے اندر اللہ تبارک و تعالی نے تین چیزیں بطور خاص ودیعت فرمائی تھیں (۱) تواضع و انکساری۔ جو سر سے لے کر پیر تک کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی ۔ (۲) مہمان نوازی ۔ سفر حضر ہر موقع پر اپنی بساط سے اوپر اٹھ کر مہمان نوازی کرتے تھے ۔(۳) وہ جمعیۃ علماء جیسی عظیم اور تابناک تاریخ کی حامل جماعت کی مہاراشٹر یونٹ کے تقریبا 16 سال تک جنرل سکریٹری تھےاور انہوں نے صوبائی صدر مولاناحافظ ندیم صدیقی صاحب کے ساتھ اکابر کے نہج پر جمعیۃکے پلیٹ فارم سے ملت کی ہمہ جہت خدمات انجام دیا ،اللہ ان کی جملہ خدمات کو قبول فرمائے۔
اس تعزیتی اجلاس سے مفتی سعید الرحمن صاحب ،مولانا صغیر احمد نظامی صاحب ، مفتی مامون قاسمی صاحب نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے تعزیت مسنونہ پیش کی ، ناظم اجلاس مفتی حذیفہ قاسمی صاحب نے جمعیۃ علماء مہاراشٹر ( مولانا ارشدمدنی صاحب ) کے صدر حافظ مسعود صاحب حسامی کی جانب سے بھیجے گئے تعزیتی پیغام کو پڑھ کرسنایا ۔اجلاس میں قاری محمد صادق صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر ) قاری محمد ایوب صاحب( خازن جمعیۃ علماء مہا راشٹر) شرف عالم بابا صاحب نوی ممبئی ،
مولانا آصف شعبان صاحب صدر جمعیۃ علماء مالیگائوں اور ان کی ٹیم اسی شہر ممبئی و مضافات تھانہ،پال گھر کےموقرعلماء کرام ،جمعیۃ علماء کے ذمہ داران،ائمہ مساجد و دیگر اراکین بڑی تعداد میں شریک تھے ۔


