آج جب سلام بن رزاق صاحب کے انتقال کی اطلاع ملی (وسیم شاہ صاحب کی فیس بک وال سے) تو ان کے افسانوں اور شخصیت پر کچھ لکھنے کو قلم نے از خود چلنا شروع کیا. سلام بن رزاق صاحب عصرِ حاضر مشہور و معروف افسانہ نگار تھے. دورانِ طالب علمی، نصاب میں بھی ہم نے مرحوم کی تخلیقات پڑھی ہیں اور رسائل و جرائد میں بھی. ان کے ادبی و علمی قد کا، ایک زمانہ معترف تھا. سلام بن رزاق صاحب جونیئر کالج کے طلباء کو اردو زبان و ادب کی تدریس کرتے تھے، اس لیے وہ نئی نسل کی سوچ و افکار سے واقف تھے. یہ بات اس لیے بھی کہہ رہا ہوں کہ مرحوم کا بڑا اصرار ہوتا کہ افسانوں پر گفتگو ہو.
اگر ادب میں پرائمری سطح کا بھی طالب علم ان کے سامنے اپنی علمیت و ادبی ذوق ظاہر کرنےکے لیے، ان کے افسانوں پر کچھ کہتا تو ایسے سنتے جیسے کوئی بڑا نقاد ان کے افسانے پر اظہارِ خیال کر رہا ہو. بال بھارتی پونہ میں میری پہلی ملاقات ان ڈسمبر 2017 میں ہوئی تھی. دسویں جماعت کا اردو زبان کا نصاب زیرِ تشکیل تھا اور مہاراشٹر کے درجنوں اساتذہ کو درسی کتاب پر تجزیے کے لیے بلایا گیا تھا. سہ روزہ ورک شاپ میں بالمشافہ ملاقاتیں، چاے اور ناشتے میں ہم ان کی صحبت سے فیض یاب ہوتے رہے. سلام بن رزاق صاحب بال بھارتی پونہ کے نصابی کمیٹی کے معتبر رکن بھی تھے. کمیٹی کے دیگر اراکین بھی انھیں ہر وقت گھیرے رہتے. وہ زیادہ تر افسانے پر ہی بات کرتے. جب کہنے لگتے تو کن انکھیوں سے سامنے بیٹھے ہوئے شخص کو دیکھ لیتے اور نظریں نیچی کئیے کہتے جاتے. تصنع سے عاری ان کی گفتگو دل میں اترتی جاتی.
اس پہلی ملاقات کا ایک واقعہ ناقابلِ فراموش ہے.
درسی کتاب پر ورک شاپ کے آخری دن اظہارِ خیال ہورہا تھا. اساتذہ کے گروپ لیڈرس کتاب کے مشمولات پر تنقید و تجویز کر رہے تھے. مشاورتی کمیٹی سامنے بیٹھی تھی. کمیٹی کے اراکین، شرکاء کے سوالات اور اعتراضات کا جواب دے رہے تھے اور جو باتیں قابلِ غور تھیں ، انھیں نوٹ کر لیتی کہ فائنل ایڈیشن میں کتاب سے مذکورہ چیزیں حذف کر لی جائیں گی.
شرکاء کی گفتگو گھنٹوں چلتی ہے. غالباً دو گھنٹے بعد سلام بن رزاق صاحب کے افسانے پر تنقید ہوئی کہ یہ افسانہ دسویں جماعت کے طلباء کے ذہنی سطح سے نیچے کی تخلیق ہے. اور بھی کچھ کہا گیا. اتفاقاً میں جہاں بیٹھا تھا وہاں سے سلام بن رزاق صاحب میرے بالکل سامنےتھے اور میں انھیں صاف صاف دیکھ رہا تھا. تنقید ہوتی رہی بلکہ بات اعتراض تک پہنچی. سلام بن رزاق صاحب کے ہاتھوں کی پین کبھی پیشانی پر تو کبھی ہونٹوں پر گھوم رہی تھی. وہ بالکل نارمل تھے. سنا، کمیٹی کے اراکین اور اسپیشل آفیسر اردو زبان، خان نوید الحق صاحب کی طرف دیکھا اور اعلان کر دیا کہ "یہ افسانہ حذف کر لیا جائے گا" ورک شاپ میں سناٹا چھا گیا.
خاموشی ایسی کہ جیسے سانپ سونگھ گیا ہو. سلام بن رزاق صاحب کے شاگرد اور احباب کہتے بھی رہیں کہ کوئی دوسرا افسانہ آپ کا شاملِ نصاب کرتے ہیں تو کہا اس کی کیا ضرورت ہے.
یہ حوصلہ کہ تنقید کرنے والے پیشہ ور اساتذہ ہی ہیں، متبحر ادبی شخصیت یا نقاد نہیں، دیکھ کر مجھے حیرانی بھی ہوئی اور من ہی من سلام بن رزاق صاحب کی عظمت کو سلام کرتا رہا. ممبئی میں دیگر زبانوں کے ادیبوں میں بھی وہ نہایت مقبول تھے. عصری حسیت، جزئیات نگاری اور کہانی کہنے کے فن کو انھوں نے ایسے عام کیا کہ ادب کی اگلی جنریشن ضرور ان کی تقلید کرے گی...

