6 مئی کو ہوٹل تڑجائی کے کانفرنس ہال میں جماعت اسلامی ہند کھام گاؤں کی جانب سے حسب روایت عید ملن پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔
مولانا حافظ عتیق الرحمان کے تلاوت قران سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ جس کا مراٹھی ترجمہ سہیل فرقان نے پیش کیا ۔
جماعت اسلامی کھام گاؤں کے امیر مقامی عمیر احمد خان نے افتتاحی کلمات ادا کئے ، جس میں آپ نےسورہ روم کے آیت کے حوالے سے بتایا کہ انسانوں کے مختلف رنگوں اور زبانوں میں بھی اللہ کی نشانیاں ہیں۔ نیز ہمارے ملک میں یہ امتیاز ملک کی خوبصورتی اور اسکی طاقت ہے۔ آپ نے جماعت اسلامی ہند کھام گاؤں کی سرگرمیوں کا مختصر جائزہ پیش کیا۔
بعد ازاں کھام گاؤں شہر پولس اسٹیشن کے تھانیدار ناچنکر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کے جماعت اسلامی ہند ملک عزیز میں بھائی چارہ کو بڑھاوا دینے کے لئے بہت اچھے پروگرام کرتی ہے جس میں عید ملن افطار پارٹی، سدبھانا منچ وغیرہ شامل ہیں۔
آخر میں اورنگ آباد سے تشریف لائے مہمان اور عید ملن پروگرام کے صدر،معروف صحافی اور داعی نوشاد عثمان کا صدارتی خطاب ہوا،
جس میں آنجناب نے بتایا کے ایک دوسرے سے ناواقفیت اور غلط فہمی کے نتیجے میں ہمارے ملک میں لوگوں کے درمیان دوریاں پیدا ہوتی ہیں ۔ حالانکہ ہمارے ملک میں صدیوں سے مختلف مذاہب کے لوگ پیار اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی بسر کرتےرہے ہیں۔
دنیا میں کوئی اور ملک ایسا نہیں جہاں اتنے سارے مذاہبِ کے ماننے والے لوگ اتنے پیار اور بھائی چارے سے رہتے ہوں۔
نوشاد عثمان نے اسلام اور مسلمانوں پر ہونے والے بہت سارے اعتراضات کا مدلل اور جامع انداز میں جواب دیا۔ اس عید ملن پروگرام میں کھام گاؤں شہر کے مختلف شعبوں اور مذہبوں کے وطنی بھائی بہنیں موجود تھے ۔ تھانیدار ناچنکر ، سابق ایم ایل اے، دلیپ کمار سانندا ، تیجندر سنگھ چوہان ، ڈاکٹر کویشوار ، شرد بھاؤ وستکار ، گنیش چوکسے ، سینئر صحافی محمد فاروق اور واثق نوید کے علاوہ شہر سے کئی سوشل ورکرز اور معززین پروگرام میں شریک تھے۔ آخر میں MDF کے ضلعی ذمہ دار اور پروگرام کے انعقاد کے روح رواں
آرکیٹکٹ ارشد ندیم نے اظہار تشکر پیش کیا۔پروگرام کی نظامت ناظم ضلع جماعت اسلامی بلڈانہ سہیل فرقان نے کی۔
پروگرام کے اختتام پر تمام ہی مہمانان
شیر خورمہ سے لطف اندوز ہوے۔
اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں ایم ڈی ایف کے ضلعی صدر ارشد ندیم ، ذوالفقار حسین ،عمرخالد ، عارف انصاری ، محمد فیض اللہ ،محمد یوسف اور دیگر رفقاء،حلقہ خواتین اور ٹیم ایس آئی او نے خوب محنت کی ۔
