کھام گاؤں (واثق نوید) سرپرستوں کے انگریزی میڈیم کی طرف بڑھتے ہوئے رجحان اور معیار تعلیم کو بڑھانے کے لیے ضلع پریشد بالخصوص اردو اسکولوں میں بیداری دیکھنے کو مل رہی ہیں ۔ اسکے واضح ثبوت ضلع پریشد کے اردو اسکولوں میں اسکالرشپ کی تیاری ، طلباء کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں شرکت ، اسکولوں کے رنگ و روغن و رکھ رکھاؤ میں تبدیلی لانے کے لیے ماجھی شاڑا سندر شاڑا ، مہم میں شرکت ، اسکولوں میں بنیادی ضروریات اور سہولیات کی فراہمی ، ساتھ ساتھ اسکولوں کو جدید طرز پر پیش کرکے آئی ایس او بنایا جارہا ہے۔
اسی ضمن میں موتلہ پنچایت سمیتی کے تراڑ کھیڑ کی ضلع پریشد اردو مڈل اسکول نے بھی حال ہی میں آئی ایس او (I.S.O) سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا ہے ۔ معلوم رہے کہ یہاں کے تمام اساتذہ نے صدر مدرس کی رہنمائی میں نامساعد حالات کے ہوتے ہوئے مسلسل جدوجھد اور کاوشوں سے اسکول کو آئی ایس او بنایا ۔ جس میں شیخ نعیم عبداللہ ، حنیف خان ، رفیق خان ، جمیل شاہ ، کے نام شامل ہیں ۔ ٹراڑ کھیڑ کے اسٹاف نے یہ ثابت کردیا کہ اگر اساتذہ میں آپسی اتحاد رہے تو ہر نا ممکن کام کو ممکن بنایا جاسکتا ہے ۔ ان لوگوں کی محنت و جدوجھد سے ضلع کی آئی ایس او اسکولوں کی فہرست میں ضلع پریشد کی ایک اور اردو اسکول کے نام کا اضافہ ہوگیا۔ جو یقینا قابل ستائش و قابل تقلید بھی ہے

