حیدرآباد، (پریس نوٹ،آواز دی وائس) جب محمود غزنوی کی فوج ناکارہ ہو کر اپنی جنگی صلاحیتوں کو کھو چکی تھی تو فردوسی کے شاہنامہ کے رجز کے اشعار نے اس مردہ فوج میں جان ڈالی۔اردو زبان نے کسی کو بھی شکوہ کا موقع نہیں دیا۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے کل منعقدہ ڈاکٹر محمد نہال افروز کی ۔
کتاب کی رسم اجراءکے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر نہال افروز کی مرتبہ کتاب "اردو اور ہندوستانی زبانیں:لسانی و ادبی ارتباط" کا رسم اجراءسید حامد لائبریری آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے اردو زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے مختلف زبانوںمیں تہذیبی اور ثقافتی خصوصیات کی بنیاد پر ہونے والی تبدیلیوں کا ذکرکیا۔ زبان کی طاقت کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اردو نے ہر زبان کے الفاظ کو اپنے دامن میں جگہ دی۔
اس نے فارسی سے الفظ مستعار لیے ، تو عربی زبان سے موسیقیت کو لیے کر شاعری میں ایسی جان ڈالی کہ آج فلمی دنیا کا کوئی نغمہ اس کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔غالب اور دیگر شعرا کے اشعار کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اردو کی سرشت میں بدگمانیوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ اردوکے لیے بہتر ہے کہ شاخوں پر رہے اور دلوں پر حکمرانی کرے۔
پروفیسرمحمد رضا اللہ خان، ڈائرکٹر نظامت فاصلاتی تعلیم نے کتاب کے حوالے سے این ای پی2020 میں مختلف ہندوستانی بولیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر نکہت جہاں نے کتاب کے مصنف ڈاکٹر نہال افروز کا تعارف پیش کیا۔ پروفیسر نسیم الدین فریس نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر محمود کاظمی اور ریجنل ڈائرکٹر ڈاکٹر بدیع الدین نے کتاب پرتبصرہ کیا۔ڈاکٹر محمد نہال افروز نے شکریہ ادا کیا۔
پروگرام میں ڈاکٹر ارشاد احمد،ڈاکٹر محمد اکمل خان، داکٹر محمد جعفرکے علاوہ نظامت فاصلاتی تعلیم کے تمام اساتذہ،گیسٹ فیکلٹی اور غیر تدریسی عملے کے لوگ موجود تھے۔شعبہ اردو کی جانب سے صدر شعبہ پروفیسر شمس الہدیٰ دریابادی، پروفیسرمسرت جہاں، ڈاکٹر بی بی رضا خاتون، ڈاکٹر احمد خان کے علاوہ دیگر شعبے کے اساتذہ ،ریسرچ اسکالرز اور طلبا و طالبات بھی موجود تھے۔
