کھام گاؤں (واثق نوید) بزم ارباب سخن، شکاگو، قومی ایکتا ایجوکیشن اینڈ یلفیر سوسائٹی، ناگپور اور ہم شاعر و ادیب انٹرنیشنل (پاکستان) کے مشترزیر اہتمام بروز سنیچر مورخہ 4 مئی 2024 کو بھارتی وقت شب 9.30 بجے بذریعہ زوم شہر ناگپور (انڈیا)سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت کے حامل معتبر شاعر مرحوم منشا الرحمن خان منشاء کے صد سالہ یوم پیدائش کے موقع پر جشن منشاء کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا. اس موقع پر عالمی مذاکرہ اور مشاعرے کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں دنیا بھر کے شعرائے کرم، ادباء و محققین نے
بڑھ چڑھ کر حصہ لیا-
مذاکرے کے صدارت برج میڈیا اور جذبہ پوسٹ انٹرنیشنل، شکاگو کے مدیر اعلیٰ اور اردو کے اسکالر پروفیسر مسرور قریشی نے اور مشاعرے کی صدارت پاکستان سے معتبر شاعرہ محترمہ انجم عثمان صاحبہ نے کی.
تقریب کی شروعات تلاوت قرآن پاک سے کی گئی۔ منشا صاحب کے پوتے لبیب الرحمٰن خان نے بہترین انداز میں قرآن کریم کی تلاوت پیش کی. بعد تلاوت نعت سرائی کے لئے خوبصورت آواز کے مالک جناب عابد حسین عابد صاحب نے منشا الرحمن منشا صاحب کی مشہور نعت "محمد گر نہ ہوتے ان کے مستانے کہاں جاتے" اپنی مترنم آواز میں پڑھ کر روحانی سماں باندھ دیا-
تقریب کے کنوینر ڈاکٹر ندیم ابن منشاء نے جشن منشا کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ اپنے والد محترم ڈاکٹر منشاء صاحب کے یوم پیدائش کے موقع پر ہر سال یاد منشا کا انعقاد کرتےآ رہے ہیں نیز ڈاکٹر منشاء کی غزلوں کے طرحی مصرعوں پر ہر ماہ مشاعرے منعقد کئے جاتے ہیں اور اس میں شہر کے ادب نواز مداح و شائقین ادب پورے جوش و خروش سے شامل ہوتے ہیں.
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر منشاء صاحب ڈاکٹر علامہ اقبال کی شخصیت اور شاعری سے بہت بے حد متاثر تھے- والد صاحب نے علامہ اقبال کے کئی نظموں اور غزلوں پہ تضمینات لکھی ہیں- ان تضمینات کو " أئینہ اقبال " کے عنوان سے اپنی ایک کتاب میں قلم بند بھی کیا ہے-
اردو ادب کی جانی مانی شخصیت ، مترجم، مقالہ نگارور مبصر جناب اظہر حیات نے"ڈاکٹر منشا الرحمن منشا : شخصیت اور شاعری" کے عنوان پر مقالہ پیش کیا – آپ نے منشاء صاحب کی زندگی کے واقعات اور ان کی شخصیت پر تفصیلی گفتگو گو کی. آپ نے بتایا کہ منشا صاحب ہندو مسلم ایکتا کی مثال تھے. وہ تاعمر اردو کی خدمت کرتے رہے.- یعنی اردو تہذیب ہی ان کا اوڑھنا بچھونا تھی- آپ ہر خاص و عام سے یکساں طور پر خلوص سے ملتے تھے- اپنی گفتگو میں اظہر حیات صاحب نے مزید بتایا کہ منشاء صاحب اردو کے فروغ لئے ہمیشہ فعال اور متحرک رہتے تھے- وہ بڑے شفیق استاد اور ایک بہترین انسان تھے. میں آج بھی ان کی گرمجوشی اور پرخلوص حرارت اپنے اندر محسوس کرتا ہوں- آپ بات سے بات نکال کر ماحول کو خوشگوار بنانے میں اپنا ثانی آپ تھے- ملک کے وزیر اعظم پنڈت جوہر لال نہرو نے آپ کی کتاب کے بارے میں جواباً لکھا تھا کہ اس زمانے میں اردو کو ہندی اور ہندی کو اردو کے قریب جو لائیں گے وہ دیش کے لئے ثواب کا کام کریں گے- صدر جمہوریہ ڈاکٹر ذاکر حسین نےآپ کی شاعری کے بارے میں کہا تھا کہ منشاء صاحب کے اکثر شعر جی میں اترتے ہوئے معلوم ہوتے ہیں- مزید یہ بھی بتایا کہ منشاء صاحب بیشتر کتابوں کو صوبائی اکیڈمیوں نے اعزاز سے نوازا ہے-جیتے جی منشاء صاحب دیر و حرم شیخ و برہمن کے تنگ دائروں سے ہمیشہ دور رہے- آپ میں انسانی ہمدردی کوٹ کوٹ کر بھری تھی-
اظہر حیات صاحب کے خطاب کے بعد شکاگو میں اردو کی فعال شخصیت، بہترین شاعر اور سائنٹسٹ جناب افضال الرحمن افسر صاحب نے بعنوان "جناب منشا الرحمن صاحب کی شخصیت اور تخلیق کا آئینہ" پاور پائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعےسلائڈ شو پیش کیا جس میں آنجہانی منشا الرحمن خان منشاء کی شخصیت، ان کی شاعری اور زندگی کے خاص واقعات اور ان پر پیش گئے گئے منظوم خراج تحسین کو نہ صرف پیش کیا بلکہ ان کی تشریح بھی بہترین انداز میں بیان کی-
اپنے صدارتی خطبے میں پروفیسر مسرور قریشی صاحب نے کہا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک ان کی شاعری زندگی اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق تھی- اپنی شاعری کے ذریعے ڈاکٹر منشا صاحب نے ایک قابل قدر کارنامہ انجام دیا ہے-آپ اردو تہذیب و تمدن کا چلتا پھرتا نمونہ تھے. اپنے کلاموں میں اردو کی بے گھری کا جس طرح سے نقشہ منشا صاحب نے کھینچا ہے یہ انہی کا خاصا ہے-
بعد مذاکرہ مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس کی نظامت پاکستان سے محترمہ ماریہ مہوش صاحبہ نے خوبصورت انداز میں کی- یکے بعد دیگرے شعرائے کرم نے اپنے اپنے کلام پڑھے اور خوب سماں باندھا. آخر میں صدر مشاعرہ نے اپنا کلام پڑھا اور صدارتی خطبے میں اس انعقاد کی بہت تعریفیں کیں- مکمل پروگرام ساڑھے پانچ گھنٹے چلا- تقریب کو فیس بک پر براہ راست ریلے کیا گیا جس میں کافی تعداد میں ناظرین آن لینے جڑ کر لطف اندوز ہوئے- کل ملا کر بہت ہی کامیاب انعقاد ہوا. آخر میں ہدیہ تشکر قومی ایکتا ایجوکیشن اینڈ یلفیر سوسائٹی، ناگپور کے بانی اور اس تقریب کے کنوینر ڈاکٹر ندیم ابن منشاء صاحب نے کیا-
مشاعرے میں پڑھے گئے کلام تحسینی قطعات اور شعرائے کلام کے دو دو اشعار قارئیں کے ادبی ذوق کی نذر پیش کے جاتے ہیں-
انجم عثمان
کسی نشاطِ گماں کا سوال بھی نہیں ہے
ملال یہ ہے متاعِ ملال بھی نہیں ہے
بس اس قدر ہے کہ بے خواب ہو گئیں آنکھیں
وفورِ شوق کا اس میں کمال بھی نہیں ہے
ڈاکٹر توفیق انصاری احمد
یہ نہ سمجھو اب، ابابیلوں کے لشکر، آئیں گے
ظلم جب حد سے بڑھے گا لوگ اڑکر،آئیں گے
فتح و نصرت کی قسم ،توفیق ، یہ ، ایمان ہے
وقت آے گا ، تو دشمن ، زیر خنجر ، آئیں گے
رؤف خیر
جو خیمہ زن تھا آندھی کے نرغے میں آگیا
جب دھیرے دھیرے اونٹ ہی خیمے میں آگیا
یہ بھی تو اس کے کن فیکوں ہی کا فیض ہے
جو باپ کا کمال تھا بیٹے میں آگیا
عزیز بلگامی
خیال و فکر، زبان و بیاں پہ قادر تھے
جنابِ منشا فنِ شاعری کے ماہر تھے
زمیں ودربھ کی ممنون کیوں نہ ہو اُن کی
تھی جن کی دھوم زمانے میں، ایسے شاعر تھے
مجھے ملا ہے شرَف اُن کی ہم نشینی کا
میں سوچتا ہوں وہ شعراءمیں شاذ و نادر تھے
پروفیسر احمد عبدالحکیم (علیگ) شکاگو
کھلاجو گلشن اردو میں اک صدی پہلے
اسی گلاب ، اسی گلستا ں کی بات کریں
وہ جس کی عظمت و شوکت کو زیب ہے یہ خراج
اسی بزرگ، اسی خوش بیاں کی بات کریں
دمک رہا ہے جو اردو کے ماہ پاروں میں
اسی دمکتے مہہ ضو فشاں کی بات کریں
عبد الحلیم صابر
میں بدلتے ہوۓحالات پہ اکثر رویا
دیکھ کر شہر کا بدلا ہوامنظر رویا
چپ ہوا روکےجو،پھررویا،مکرر رویا
روکےجب جی نہ بھرامیرا توجی بھر رویا
حلیم صابر کولکاتا
ندیم ابن منشا
چہرے پہ تیرے عکس نظر ائے ہیں کیا کیا
شیشے بھی جنہیں دیکھ کے شرماۓ ہیں کیا کیا
مانا کہ بہت کچھ ہے دیا اپ نے ہم کو
ہم نے بھی کرم اپ پہ فرمائے ہیں کیا کیا
ڈاکٹر افضال الرحمن افسر
تصور اس کا آ جاتا ہے کچھ ایسا مرے دل تک
کہ جیسے نجد کے صحرا میں پہنچے قیس محمل تک
ہماری دوستی ہے سب سے ہم تو دوست ہیں افسر
مخالف ہو اگر کوئی تو وہ آئے مقابل تک
شمشاد شاد
انجینئیر عابد رشید
طاہرہ ردا
طاہرہ ردا
ہم ایک حوصلہ اک خواب ہی تو ہوتے ہیں
اندھیری رات کے مہتاب ہی تو ہوتے ہیں
تو کب تلک کوئی طوفاں کا راستہ روکے
چٹخ بھی سکتے ہیں، اعصاب ہی تو ہوتے ہیں
طاہرہ ردا
قصائد، مرثیے، قطعات، نظمیں
تھیں نبض وقت پر منشا کی نظریں
ہیں آدابِ زباں دانی سے بھرپور
یہ نعتیں، ان کی تضمینات،غزلیں
انجینئیر سلیم کاوش
مہدی جب آئیں، آئیں! مجھے تو مِرے خُدا
فرعونِ وقت کے لیے اِک مُوسیٰ چاہیے
رُوح کو رہنے دیا میں نے تِرے پہلو میں
وہ تو بَس جِسم تھا جو لَوٹ کے گھر تک پہنچا
شاہین برلاس
فائقہ گل صاحبزادہ
مظفر حسین نایاب
فرعون ہو ہامان ہو یا ہو کوئی شداد
جب ختم ہوی ڈھیل سبھی ہو گئے برباد
مجروح عصافیر کی تھی ضربِ خدا داد
جس ضرب سے ہے زخم زدہ پنجہء صیاد
مجاہد لالٹین
سُسر بھی ساس بھی سالے بھی مارتے اتنا
جو لالٹین اگر دو کی آرزو کرتے
زیب النسا زیبی
افروز رضوی
محمد اسلم
ریاض کامل
عابد حسین عابد
شبانہ خان صحابی تار
مظہر قریشی
ناز پروائی
اپنی بستی کے جوانوں کو ستمگر نہ بنا
پھول کو پھول بنا ' پھول کو خنجر نہ بنا
ذکر مت چھیڑ محبت کا ' ارے جانے دے
آنکھ صحرا ہے تو صحرا کو سمندر نہ بنا

