نہیں پتھروں کے حصاروں میں وہ
مگر جلوہ کُن استعاروں میں وہ
مٹھوں، خانقا ہوں نہ غاروں میں وہ
ہَوا، آب آتش اشاروں میں وہ
اسی کی مناجات و حمد و ثنا
کہ مخلص ہے سب غمگساروں میں وہ
سیه زرد رت میں بھی اس کا ظہور
نہیں صرف دھانی بہاروں میں وہ
گلوں میں مہک روپ نازل ہوا
کسک رنگ اترا ہے خاروں میں وہ
وہی بانجھ بنجر میں خوف و سکوت
طرب نغمگی مرغزاروں میں وہ
مَعَ العُسرِ يُسرا کی تمثیل میں
رکھے پت جھڑوں کو بہاروں میں وہ
غزل رنگ آہنگ دریاؤں میں
رَجَز کا جلال آبشاروں میں وہ
اَتَل وادیوں میں وہی گیت گونج
عذابِ ہوا کوہساروں میں وہ
وہی انگلیوں سے اُگا آب زار
سراب آئینہ ریگ زاروں میں وہ
ہوا سیروا فی الارض کی شرح میں
خطر خوف کھنڈر دیاروں میں وہ
وہ نورِ مظاہر ہے لیکن سلیم
نہیں چاند، سورج ستاروں میں وہ


