کھام گاؤں (واثق نوید) کھام گاؤں گرامن پولس اسٹیشن میں زیر ملازمت ہیڈ پولس کانسٹیبل شیخ حمید شیخ کریم کی دختر نیک اختر کا رشتہ سلطان پور کے ساکن ایوب خان کے فرزند عاقب خان کے ساتھ طے پایا تھا ۔
اسی ضمن میں 25 آگسٹ کو منگنی کے لئے دولہا اپنے چند قریبی رشتے داروں اور دوست احباب کے ساتھ کھام گاؤں پہنچا ۔ ضیا کالونی میں واقع ٹیپو سلطان فنکشن ہال میں منگنی کا پروگرام رکھا گیا تھا ۔
اس موقع پر چند احباب نے دولہا اور دولہن کے گھر والوں سے بات کرکے منگنی کو نکاح میں تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ۔ الحمد دونوں فریقوں کے باہمی مشورہ سے منگی کی تقریب نکاح میں تبدیل ہوگئی ۔ بعد نماز عصر مولوی یونس ندوی نے خطبہ نکاح پڑھایا ۔ اس نکاح میں مہر 51 ہزار روپئے مقرر کیا گیا تھا جو دلہا میاں نے نقد فون پے کے ذریعے دلہن کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کر دیئے ۔ اس مثالی نکاح کی شہر میں خوب ستائش کی جارہی ہے ۔

