نئی دہلی (سیاست نیوز) صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا ارشد مدنی نے تعلیمی سال 2025-2024ء کیلئے میرٹ کی بنیادپر منتخب ہونے والے 915طلباء کے لئے ایک کروڑ 60 لاکھ روپئے وظائف جاری کردیئے ہیں۔ ان طلباء میں ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی 46 غیرمسلم طلباء بھی شامل ہیں۔ وظائف کی رقم براہ راست طلبا کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ مالی طورپر کمزور مگر ذہین طلباء کو اعلیٰ اور پیشہ ورانہ تعلیم کے حصول میں مدد کرنے کے مقصد سے جمعیۃ علماء ہند نے 2012سے ہر سال وظائف دینے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے لئے مولاناحسین احمد مدنی چیئرٹیبل ٹرسٹ دیوبند اورجمعیۃ علماء ہند ارشد مدنی پبلک ٹرسٹ کی جانب سے ایک تعلیمی امدادی فنڈ قائم کیا گیا اور ماہرین تعلیم پرمشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی جو ہر سال میرٹ کی بنیادپر طلبا کا انتخاب کرتی ہے۔
اہم بات یہ ہیکہ اس سال بڑی تعدادمیں غیر مسلم طلبانے وظیفہ کیلئے درخواستیں بھیجی تھیں، ان میں سے میرٹ کی بنیاد پر 46 طلبا کو وظیفہ کے لئے منتخب کیاگیا ۔
اس کے پیچھے صرف اورصرف یہی مقصد کار فرماہ ے۔ کہ غریبی اورمالی پریشانی کی وجہ سے ذہین بچے کسی رکاوٹ کے بغیر اپنا تعلیمی سفر جاری رکھ سکیں۔مولانا مدنی نے کہا کہ تعلیم ہی ایسا واحد اورکار گر ذریعہ ہے جس سے کوئی بھی قوم نہ صرف اپنا تحفظ کرسکتی ہے بلکہ اپنے خلاف ہونے والے منصوبہ بند پرو پگنڈوں کا موثر جواب بھی دے سکتی ہے ،ہمیں یہ بات اچھی طرح یاد رکھنی چاہئے کہ دنیامیں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کی نوجوان نسل صحیح تربیت اورتعلیم یافتہ ہوتی ہے ۔



