مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کے غیر مسلم سی ای او کی تقرری پر اعتراض، تقرری منسوخ کرنے کا مطالبہ کانگریس اقلیتی سیل اور مسلمانانِ جلگاؤں جامود کی جانب سے میمورنڈم وزیر اعلی کو روانہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 16, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے طور پر غیر مسلم آئی اے ایس افسر منوج جادھو کی تقرری پر کانگریس اقلیتی سیل اور مسلمانانِ جلگاؤں جامود کی جانب سے شدید اعتراض کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایک تفصیلی میمورنڈم جلگاؤں جامود کے مقامی سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کی معرفت وزیر اعلیٰ مہاراشٹر دیویندر فڈنویس کو روانہ کیا گیا۔ میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل حج کمیٹی آف انڈیا کے قواعد کے مطابق حج کمیٹی جیسے مذہبی نوعیت کے ادارے کے کلیدی عہدے پر کسی غیر مسلم کی تقرری مناسب اور قابلِ قبول نہیں ہے۔ مزید کہا گیا کہ سعودی عرب کے قوانین کے تحت دورانِ حج مکہ مکرمہ اور دیگر مقدس مقامات میں غیر مسلموں کے داخلے پر پابندی عائد ہے، جس کے سبب ایک غیر مسلم سی ای او کے لیے عملی طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دینا ممکن نہیں ہوگا۔
کانگریس اقلیتی سیل نے اس تقرری کو حجاج کرام کے مذہبی جذبات کے منافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس فیصلے کو منسوخ کیا جائے اور مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کے سی ای او کے عہدے پر کسی اہل، تجربہ کار اور باصلاحیت مسلم افسر کو مقرر کیا جائے، تاکہ حج انتظامات بہتر انداز میں انجام دیے جا سکیں۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئر قائد شیخ ایوب عرف بابو جمعدار، غفار مُلّاجی، آصف اقبال، اظہر دیشمکھ، ڈاکٹر شاکر خان، سید افروز، صمد جہانگیردار، شیخ ناصر، توفیق سید، حسین راہی، محمود خان، غازی خان، جنید شیخ، عزیز مرزا، افتخار شاکر سید، اشرف خان، سلیم شاہ، نوید شاہ، سلمان سر، مجاہد خان، سہیل خان، شیخ عمران، سید شریک، مصدق مومن، شاکر سید، مظہر شیخ، افتخار شیخ، معین سید، کیف لانجا، شیخ نفیز سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کے قائدین اور کارکنان موجود تھے۔