کھام گاؤں ، مسلم اکثریتی علاقے میں صحت کی بڑی سہولت ضیا کالونی میں راشٹریہ آروگیہ ابھیان کے تحت محلہ کلینک کا افتتاح
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 17, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) عوامی صحت کے فروغ کی سمت ایک اہم، بروقت اور قابلِ تحسین قدم اٹھاتے ہوئے ضیا کالونی پربھاگ نمبر 2 میں محلہ کلینک (دواخانہ) کا باضابطہ افتتاح عمل میں آیا۔ یہ دواخانہ ضیا کالونی نگر پریشد اردو پرائمری اسکول کے کیمپس میں شروع کیا گیا،
جس کا افتتاح رکن بلدیہ حجن نسیم بانو عبد الکریم خان و الحاج شہرت خان کی موجودگی میں انجام پایا۔ استقبالیہ تقریب میں محلہ کے ذمہ داران اور معزز شخصیات میں الحاج شہرت خان ، واثق نوید، ایڈوکیٹ محمد الیاس، سید نجیب، مرزا سمع اللہ بیگ، محمد اسحاق اور یوسف ٹھیکدار شریک رہے۔ تمام شرکاء نے اس عوامی مفاد کے منصوبے کو علاقے کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ یہ محلہ دواخانہ راشٹریہ آروگیہ ابھیان (قومی صحت مشن) کے تحت ضلع پریشد بلڈھانہ کی جانب سے قائم کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کا بنیادی مقصد غریب، کمزور اور پسماندہ طبقات کو ان کے اپنے محلے میں مفت اور معیاری طبی سہولت فراہم کرنا ہے، تاکہ علاج کے لیے دور دراز نہ جانا پڑے۔ یہ اہم صحت سہولت رکن اسمبلی و ریاستی کامگار منتری ایڈوکیٹ آکاش فونڈکر کی ذاتی توجہ اور خصوصی کوششوں کا نتیجہ ہے، جن کی کاوش سے مسلم اکثریتی علاقے میں اس دواخانے کا قیام ممکن ہو سکا۔ عوامی حلقوں میں ان کے اس اقدام کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔ محلہ کلینک میں 7 افراد پر مشتمل طبی عملہ خدمات انجام دے رہا ہے، جبکہ دواخانہ روزانہ دوپہر 3 بجے سے شام 7 بجے تک عوام کے لیے کھلا رہے گا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہاں تمام علاج مکمل طور پر مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔ دواخانے کے آغاز کے صرف دو دنوں کے اندر 100 سے زائد افراد علاج و معائنہ سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، جو اس کی فوری افادیت کا واضح ثبوت ہے۔ 17 جنوری کو بعد عصر رکن بلدیہ حجن نسیم بانو عبد الکریم کے فرزند الحاج شہرت خان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دواخانے کے انچارج ڈاکٹر نائک اور ان کے مکمل طبی عملے کا گلدستہ پیش کر کے پُرتپاک استقبال کیا اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا۔ اس موقع پر پربھاگ نمبر 2 کے عوام نے رکن اسمبلی ایڈوکیٹ آکاش فونڈکر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محلے میں دواخانے کا قیام ایک نہایت اہم اور تاریخی قدم ہے، جس سے غریب اور متوسط طبقے کو بڑی راحت ملی ہے۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے فلاحی اور ترقیاتی منصوبے علاقے میں جاری رہیں گے۔