اکولہ ، مسلم سماج کی تاریخی کامیابی، پہلی مرتبہ 24 نشستوں پر فتح
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 17, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) اکولہ شہر کی سیاسی تاریخ میں مسلم سماج نے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ مجموعی طور پر 24 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جسے ایک اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ان میں کانگریس نے 18 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کو 3 نشستیں ملیں، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) نے 2 نشستیں جیتیں جبکہ اجیت پوار گروپ این سی پی کے حصے میں ایک نشست آئی ہے۔
اس غیر معمولی کامیابی کا سہرا کانگریس کے رکن اسمبلی ساجد خان پٹھان، کانگریس قائد ڈاکٹر ذیشان، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کے مہانگر صدر رفیق صدیقی اور پارٹی کے ریاستی تنظیمی سیکریٹری جاوید زکریا کی دور اندیشی، مؤثر حکمتِ عملی اور دانشمندانہ فیصلوں کو دیا جا رہا ہے۔ چاروں قائدین نے تنظیمی اتحاد کو مضبوط بنایا، امیدواروں کے درست انتخاب کو یقینی بنایا اور نچلی سطح تک مضبوط انتخابی مہم چلا کر مسلم سماج کو یکجا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہی کوششوں کے نتیجے میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں مسلم نمائندوں کی کامیابی ممکن ہو سکی۔
اس تاریخی فتح کے بعد مقامی سیاست میں نئے سیاسی مساوات قائم ہونے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جبکہ سماج کے مختلف حلقوں نے اس کامیابی کو “اجتماعی قیادت اور حکمتِ عملی پر مبنی اتحاد کی شاندار جیت” قرار دیا ہے۔