ٹی ای ٹی TETامتحان کا چونکا دینے والا نتیجہ مجموعی کامیابی کی شرح صرف 8.53 فیصد
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 17, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ریاست میں منعقدہ ٹیچرس اہلیتی امتحان (TET) کے نتائج منظر عام پر آ گئے ہیں، جن میں کامیابی کی مجموعی شرح نہایت کم ریکارڈ کی گئی ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق تینوں پرچوں کو ملا کر صرف 8.53 فیصد امیدوار ہی امتحان میں کامیاب ہو سکے، جس سے تعلیمی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپر 1 (درجہ اول تا پنجم) کے لیے امتحان میں 1,52,605 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے محض 4,709 امیدوار اہل قرار پائے۔ اس طرح اس پرچے کا نتیجہ صرف 3.08 فیصد رہا۔ وہیں پیپر 2 (ریاضی و سائنس، درجہ ششم تا ہشتم) میں قدرے بہتر نتائج دیکھنے میں آئے۔ اس زمرے میں 75,599 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے، جن میں سے 21,414 امیدوار کامیاب ہوئے۔ اس پرچے کی کامیابی کی شرح 28.33 فیصد رہی، جو تمام پرچوں میں سب سے زیادہ ہے۔ جبکہ پیپر 2 (سماجی علوم، درجہ ششم تا ہشتم) کا نتیجہ بھی مایوس کن رہا۔ اس میں 1,25,748 امیدواروں نے امتحان دیا، مگر صرف 4,045 امیدوار ہی اہل قرار پائے۔ اس طرح اس پرچے کی کامیابی کی شرح محض 3.22 فیصد رہی۔ مجموعی طور پر تینوں پرچوں میں 3,53,952 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے صرف 30,168 امیدوار TET امتحان پاس کر سکے۔ تعلیمی ماہرین کے مطابق نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ نصاب، امتحانی معیار اور اساتذہ کی تیاری پر سنجیدہ غور و فکر کی ضرورت ہے۔ کم کامیابی کی شرح مستقبل میں اساتذہ کی دستیابی پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے، جس پر حکومت اور محکمہ تعلیم کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔