پیپل گاؤں راجہ ، ایک ہی دن دو اساتذہ کے انتقال سے سوگ کی فضا تعلیمی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 18, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) پیپل گاؤں راجہ میں ایک ہی دن دو معزز اساتذہ کے انتقال کے باعث نہ صرف گاؤں بلکہ پورے تعلیمی و سماجی حلقوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس دل خراش سانحہ پر اساتذہ، طلبہ، سرپرستوں اور عوام الناس نے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سید محمود ولد سید مظفر (عمر 51 سال)، ساکن شمشیر پورہ، پیپل گاؤں راجہ، جو گلشنِ حفیظہ اردو پرائمری اسکول، پیپل گاؤں راجہ میں بحیثیت مدرس خدمات انجام دے رہے تھے، طویل علالت کے بعد آج اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم ایک نیک سیرت، خوش اخلاق اور طلبہ میں بے حد مقبول استاد تھے۔ ان کی تدریسی خدمات کو ہمیشہ عزت و قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا۔ مرحوم کی اہلیہ شگفتہ خانم ضلع پریشد اردو مڈل اسکول (گرلز) میں صدر معلمہ کے عہدے پر فائز ہیں۔ مرحوم کی تدفین 18 جنوری کو رات 10 بجے عمل میں آئے گی۔ دوسری جانب ایک اور افسوسناک خبر کے تحت سید ذاکر حسین ابن سید رشید (عمر 56 سال)، جو وظیفہ یاب مدرس کی حیثیت سے ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول، بھالے گاؤں سے وابستہ رہے اور قبل از وقت سبکدوشی اختیار کر چکے تھے، کا بھی انتقال ہوگیا۔ مرحوم، ضلع پریشد اردو مڈل اسکول، پیپل گاؤں راجہ (بوائز) میں خدمات انجام دینے والے استاد سید ارشاد سر کے بھائی تھے۔ سید ذاکر حسین مرحوم اپنی شرافت، خوش مزاجی اور تعلیمی خدمات کے باعث وسیع حلقے میں معروف و محترم شخصیت تھے۔ ان کی تدفین 19 جنوری کو صبح 10 بجے عمل میں آئے گی۔ قابلِ ذکر ہے کہ دونوں مرحومین کا تعلق پیپل گاؤں راجہ کی معروف سید فیملی سے تھا اور دونوں شمشیر پورہ کے ہی ساکن تھے۔ ایک ہی دن میں دو تعلیمی شخصیات کے انتقال نے علاقے کے تعلیمی ماحول کو سوگوار بنا دیا ہے۔ مختلف تعلیمی، سماجی اور دینی تنظیموں کے ذمہ داران نے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔اللہ تعالیٰ دونوں مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ (آمین)