جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی (منصورہ کیمپس)کے زیر اہتمام یومِ جمہوریہ کی پروقار تقریب
Author -
personحاجی شاھد انجم
جنوری 29, 2026
0
share
مالیگاؤں (پریس ریلیز) جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی، منصورہ کیمپس میں 26 جنوری 2026 کو یومِ جمہوریہ نہایت جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔اس تقریب کا آغاز صبح 8 بجے ہوا، جہاں معزز چیئرمین جناب ارشد مختار صاحب کے ہاتھوں قومی پرچم کو لہرایا گیا۔اس موقع پر راشٹر گیٹ کا خصوصی اہتمام کیا گیا،
جس کے بعد تمام شرکاء نے ترنگا ہاتھوں میں اٹھا کر لہرایا اور وطن سے اپنی محبت و وابستگی کا اظہار کیا۔ جامعہ محمدیہ منصورہ کیمپس میں ہر سال یومِ جمہوریہ اور یومِ آزادی باوقار اور منظم انداز میں منائے جاتے ہیں، جو ادارے کی قومی اقدار سے وابستگی کا مظہر ہے۔ بعد ازاں جامعہ محمدیہ ادارہ کے زیرِ اہتمام آڈیٹوریم میں مختلف ثقافتی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ ثقافتی پروگرام کا آغاز قاری عبدالمتین صاحب کی پرسوز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا عبدالباری صاحب نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ اس موقع پر جامعہ محمدیہ کے چیئرمین محترم جناب ارشد مختار صاحب نے صدارتی خطبہ پیش کیا۔ پروگرام کے آغاز میں شریعہ کالج کے طلبہ نے ترانۂ جامعہ پیش کیا۔ اس کے بعد اسماء خاتون جونیئر کالج کے طلبہ نے قومی موضوعات پر مباحثے کے ذریعے تبادلۂ خیال کیا۔ پرائمری اسکول کے طلبہ نے قومی گیت پر بہترین ایکشن کیا۔ کلیہ عائشہ کی طالبات نے حب الوطنی کے موضوع پر عربی اور انگریزی زبان میں مؤثر تقاریر پیش کیں۔
اسی سلسلے میں آفاق اکیڈمی کے طلبہ نے کراٹے شو اور میم شو پیش کیا جبکہ طالبات نے مہاراشٹر گیت پیش کیا۔ المختار اکیڈمی کے ننھے طلبہ نے ٹیبلو شو، پیرامیڈ اور رن ڈرل شو کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مزید برآں مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کالج کے طلبہ نے “ہندوستان کی ترقی میں مسلم اسکالرس کا کردار” اور دستوری بنیادی حقوق کے موضوعات پر جامع اور بصیرت افروز تقاریر پیش کیں، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ اس پروقار تقریب میں معزز سکریٹری جناب راشد مختار صاحب اور معزز جوائنٹ سکریٹری جناب بلال مختار صاحب خصوصی طور پر موجود تھے۔ اس کے علاوہ جامعہ محمدیہ کے زیرِ اہتمام جاری مختلف تعلیمی اداروں کے پرنسپل حضرات، اساتذۂ کرام اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے تقریب کو کامیاب بنایا۔ یومِ جمہوریہ کی یہ تقریب قومی شعور، نظم و ضبط اور حب الوطنی کے پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔