ناندورہ , بزمِ طرح کا سالانہ اجلاس، ’’جشنِ متین طالبؔ‘‘ سے اردو ادب کی تابندہ روایت اجاگر ادبی و تعلیمی خدمات پر متین طالبؔ کی تہنیت، ممتاز شعراء و اہلِ قلم کی بھرپور شرکت
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 10, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ناندورہ میں اردو ادب اور تہذیبی شعور کی درخشاں روایت اُس وقت پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہوئی جب بزمِ طرح گروپ کے زیرِ اہتمام 7 فروری 2026 کو منعقدہ سالانہ اجلاس کو ممتاز شاعر، ادیب اور ماہرِ تعلیم ایڈوکیٹ متین طالبؔ کے اعزاز میں ’’جشنِ متین طالبؔ‘‘ سے موسوم کیا گیا۔
یہ باوقار تقریب نہ صرف متین طالبؔ کی ادبی و تعلیمی خدمات کا اعتراف تھی بلکہ اردو زبان و ادب کے وقار اور تسلسل کی ایک مؤثر علامت بھی ثابت ہوئی۔
تقریب کی سرپرستی استادالاساتذہ حضرت قیوم راز نے فرمائی، جبکہ صدارت پونہ کی معروف ادبی شخصیت عبدالحمید ہنر نے کی۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے منظور ندیم، قدرت ناظم، شکیل میواتی، خواجہ ساجد، شکیل انجم، اخلاق نظامی اور التمش شمس کی شرکت نے اجلاس کی اہمیت میں اضافہ کیا۔
پروگرام کے آغاز میں نو منتخبہ نگر پریشد اراکین شیخ انور پہلوان، مزمل فرقان اور زبیر خان کا رفیق احمد خان کے ہاتھوں شال و گل پوشی کے ذریعے استقبال کیا گیا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ایوارڈ یافتگان ندیم ابن نعیم، رفیق قاضی، فاروق زمن، عبدالرحمن فارض، اسماعیل گوہر، علیم اسماعیل اور افضل حسین کو بزمِ طرح کی جانب سے مومینٹو پیش کر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر متین طالبؔ کو حالیہ عرصے میں مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکیڈمی کی جانب سے ’’نیو ٹیلنٹ ایوارڈ (شاعر)‘‘ اور ممبئی یونیورسٹی کی جانب سے ’’پیکرِ تدریس ایوارڈ‘‘ ملنے پر خصوصی طور پر تہنیت پیش کی گئی۔ سرپرستِ محفل حضرت قیوم راز اور صدرِ مشاعرہ عبدالحمید ہنر کے ہاتھوں تہنیتی مومینٹو پیش کر کے ان کی ادبی و تعلیمی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ ناندورہ کے شاعر و ادیب راحیل انجم نے ’’ناندورہ کی ادبی روایت کا روشن چراغ‘‘ کے عنوان سے متین طالبؔ کی شخصیت اور خدمات پر وقیع مقالہ پیش کیا۔ اعزازی تقریب کی نظامت التمش شمس نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی، جب کہ مشاعرے کی نظامت معروف ادبی شخصیت معین ادیب علیمیؔ نے کی، جن کے شستہ اور دلنشیں انداز نے محفل کو وقار بخشا۔ اس موقع پر مختلف علاقوں سے تشریف لائے 42 ممتاز شعرائے کرام نے اپنے فکرانگیز اور دلنشیں کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ باذوق سامعین نے بھرپور داد و تحسین کے ذریعے ادب دوستی کا ثبوت پیش کیا۔ آخر میں بزمِ طرح کے منتظم انیس احمد شوق نے رسمِ تشکر ادا کرتے ہوئے صدر کی اجازت سے اجلاس کے اختتام کا اعلان کیا۔ منتظمین ڈاکٹر افتخار شکیل، قیصر احمد قیصر، انیس شوق، ادیب علیمی اور ناندورہ انتظامیہ کمیٹی بالخصوص رفیق احمد خان کی بہترین انتظامات پر تمام حلقوں کی جانب سے ستائش کی گئی۔